صومالیہ: تشدد کے واقعات میں 11 افراد ہلاک

صومالیہ: تشدد کے واقعات میں 11 افراد ہلاک

ایک جیٹ لڑاکا طیارے نے ، جس کی شناخت نہیں ہوسکی ، صومالیہ میں باغی عسکریت پسند گروپ الشباب کے زیر قبضہ ایک قصبے پر بم برسائے ، جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، جب کہ دارالحکومت موگادیشو میں ایک دھماکے میں کم ازکم 10 عام شہری ہلاک ہوگئے۔

رہائشیوں کا کہناہے کہ منگل کے روز الشباب کے زیر قبضہ ایک قصبے یاقلے میں ایک جنگی طیارے نے بم برسائے۔ یہ دیہات صومالیہ کے جدو علاقے میں کینیا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

منگل ہی کے روز ایک اور واقعہ میں موگادیشو کے جنوبی ضلع وادجیر میں سڑک پر نصب ایک بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکے کا ہدف کیا تھا۔

کینیا کی فورسز اکتوبر سے جنوبی صومالیہ میں الشباب کے عسکریت پسندوں کا تعاقب کررہی ہیں اور اس دوران وہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پربعض اوقات فضائی حملے بھی کرتی رہی ہیں۔

کینیا کا کہنا ہے کہ اسلامی شورش پسند اس کی سرزمین پر غیر ملکیوں کے اغوا کے واقعات میں ملوث ہیں۔

دارالحکومت موگادیشو میں حالیہ مہینوں میں الشباب کے خلاف صومالی فورسز کی کارروائیوں میں افریقی یونین کے فوجی دستوں کی مدد بھی حاصل رہی ہے ، لیکن عسکریت پسند علاقے میں بدستور سرگرم ہیں۔