اسپین کے ساحلی شہر بارسلونا میں سمندر کے قریب اختتام ہفتہ برآمد ہونے والے ایک زندہ بم کو پیر کے روز تباہ کر دیا۔ بم ملنے سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ساحلی علاقے کو لوگوں سے فوری طور پر خالی کروا لیا گیا تھا۔
بم کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق 1930 کے عشرے کی خانہ جنگی سے تھا۔
بم میں 150 پاؤنڈ انتہائی دھماکہ خیزبارود بھرا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے بم ناکارہ بنانے کے ماہرین اسے سمندر میں ایک ناٹیکل میل کے فاصلے پر لے گئے اور اسے 150 فٹ کی گہرائی میں تباہ کیا گیا تاکہ کسی کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔
بارسلونا سٹی ہال کے مطابق ناکارہ بنائے جانے والے بم کا تعلق 1930 کے عشرے کی خانہ جنگی سے تھا جس کی وجہ سے بحیر روم پر واقع اس شہر کو اطالوی ایئر فورس کی جانب سے بڑی تعداد میں بم حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اطالوی ایئر فورس قوم پرست جنرل فرانسسکو فرانکو کی مدد کر رہی تھی جنہیں بالآخر اس تنازع میں فتح حاصل ہوئی تھی۔