'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کے ٹریلر پر ویوز کا نیا ریکارڈ

فلم 17 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

امریکہ کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن اسٹوڈیو 'مارول اسٹوڈیو' کی سپر ہیرو پر مبنی فلم 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' سنیما گھروں کی زینت بننے سے قبل ہی چھا گئی ہے اور اس کے ٹریلر نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے 24 گھنٹوں کے دوران اسے دنیا بھر میں 35 کروڑ 55 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

فلم کی تقسیم کار امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی 'سونی پکچرز' کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں کمپنی نے بتایا ہے کہ 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کے ٹریلر نے 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹریلر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سونی پکچرز کے مطابق ٹریلر نے 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ موضوعِ گفتگو رہنے کا ریکارڈ بھی توڑا ہے جس پر 45 لاکھ مرتبہ گفتگو کی گئی ہے۔

امریکی جریدے 'فوربز' کی رپورٹ کے مطابق ٹریلر نے سوشل میڈیا کے ریکارڈز بھی توڑے ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر 24 گھنٹوں کے دوران مقامی سطح پر ٹریلر کو 29 لاکھ 10 ہزار مرتبہ مینشن کیا گیا ہے جب کہ ٹوئٹر پر فلم کے ٹریلر کو اب تک 49 لاکھ دس ہزار مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلر پر ریکارڈ ویوز کی بات کی جائے تو 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' سے قبل یہ ریکارڈ مارول اسٹوڈیوز کی ہی فلم 'ایونجرز: اینڈ گیم' کے پاس تھا۔

'فوربز' نے سونی پکچرز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ 2018 میں 'ایونجرز: اینڈ گیم' کے ٹریلر کو 24 گھنٹوں کے دوران 28 کروڑ 90 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا تھا۔

'ایونجرز: اینڈ گیم' کے ٹریلر کو ٹوئٹر پر 19 لاکھ 40 ہزار مرتبہ مینشن کیا گیا تھا۔

'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' سے قبل 2019 میں 'اسپائڈر مین: فار فروم ہوم' اور 2017 میں 'اسپائڈر مین: ہوم کمنگ' ریلیز کی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ 'سونی پکچرز' نے 24 اگست کو 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کے ٹریلر کو ریلیز کیا تھا جب کہ فلم 17 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس سے قبل سال 2019 میں 'اسپائڈر مین: فار فروم ہوم' اور 2017 میں 'اسپائڈر مین: ہوم کمنگ' ریلیز کی جا چکی ہے۔

'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کی ہدایت کاری امریکی ہدایت کار جان واٹس نے دی ہے اور اسے امریکی فلم پروڈیوسر اور مارول سنیمیٹک یونی ورس کے سربراہ کیون فائگی اور ایمی پاسکل کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔

اسپائڈر مین سیریز کے دوسرے حصے 'اسپائڈر مین: فار فروم ہوم' میں پیٹر پارکر (اسپائڈر مین) کی شناخت ولن مسٹیریو کے ہاتھوں بے نقاب ہوتی ہے اور اب 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' میں پیٹر پارکر اپنی شناخت بے نقاب ہونے کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتا ہے اور وہ اس سلسلے میں فلم کے کردار ڈاکٹر اسٹیفین اسٹرینج کی مدد لیتا ہے۔

فلم کی کہانی کرس میکینا اور ایرک سمر نے لکھی ہے جس میں اداکار تھامس اسٹینلی ہولینڈ، اداکارہ میریسا ٹومائی اور اداکارہ زینڈیا میری اسٹورمر کولمن سمیت دیگر فن کاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

اس خبر میں بعض معلومات کاروباری جریدے 'فوربز' سے لی گئی ہے۔