سری لنکا: مقامی انتخابات میں حکمران جماعت کی بھرپورفتح

سری لنکا: مقامی انتخابات میں حکمران جماعت کی بھرپورفتح

سری لنکا کی حکمران جماعت نے مقامی حکومت کے پہلے انتخابات میں مکمل کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ یہ انتخابات ملک میں 25 سالہ خانہ جنگی کے بعد منقعد ہوئے ہیں۔

جمعے کے روز عہدے داروں نے کہا کہ صدر مہندرا راجاپاکسا کی حکمران یونائیٹڈ پیپلز فریڈم الائنس نے 235 مقامی کونسلوں میں سے 180 سے زیادہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جب کہ یونائیٹڈ نیشنل پارپی نے جمعرات کو ہونے والے ان انتخابات میں کم ازکم آٹھ کونسلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

حتمی نتائج جمعے کودیرگئے متوقع ہیں۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ ووٹوں کی شرح کم رہی اور ملک کے تقریباً ایک کروڑ اہل ووٹروں میں سے نصف سے کچھ ہی زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔ ان انتخابات کو صدر رجاپاکسا کی حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کے طورپر دیکھا جارہاتھا۔

مقامی کونسلوں کے انتخابات میں ووٹوں کی شرح گذشتہ سال ہونے والے پارلیمانی اور صدراتی انتخابات کے مقابلے میں نمایاں طورپر کم رہی۔

انتخابات پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں ووٹنگ کا عمل پرامن رہا، تاہم انتخابات سے منسلک لڑائیوں میں ایک شخص کی ہلاکت اور کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

الیکشن کی نگرانی سے متعلق گروپوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک سوسے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا تعلق ووٹروں کو ڈرانے دھمکانے ، جعلی ووٹ بھگتانے اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں سے تھا۔