شام میں 26 مظاہرین ہلاک: رپورٹ

شام میں 26 مظاہرین ہلاک: رپورٹ

شام میں انسانی حقوق کی علم بردار ایک تنظیم نے کہا ہے کہ ملک کی سکیورٹی فورسز نے جنوبی شہر درہ اور اس کے نواحی علاقوں میں 26 مظاہرین کو ہلاک کر دیا ہے۔

نیشنل آرگنائزیشن فار ہومین رائٹس نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف شہروں میں پر امن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اُن پر گولیاں چلائیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ہلاک ہونے والے 36 افراد کی نماز جنازہ میں شریک افراد پر بھی سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی۔

دریں اثناء ہفتہ کو ساحلی شہر لٹاکیا (Latakia) میں حکومت مخالف مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھی فائرنگ کی گئی۔ حکومت کی طرف سے انتباہ کے باوجود مظاہرین نے ہفتہ کے روز احتجاج کی کال دی تھی۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے شام میں تشدد کے ان واقعات کی مذمت کی ہے۔