ٹیلر سوئفٹ پر گانے کے بول چرانے کا الزام

پاپ اسٹار امریکی گلوکار جیسی گراہم کی طرف سے ٹیلر سوئفٹ پر 42 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جا رہا ہے۔

ایک امریکی گلوکار نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے مشہور گانے 'شیک اٹ آف' کے بول اور گانے کا مرکزی خیال ان کی تخلیق ہے۔

پاپ اسٹار امریکی گلوکار جیسی گراہم کی طرف سے ٹیلر سوئفٹ پر 42 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جا رہا ہے، گلوکار جیسی کا کہنا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے ہٹ سونگ 'شیک اٹ آف' کے بول ان کے گانے کے بولوں سے متاثر ہو کر لکھے گئے ہیں۔

امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ کے پانچویں البم 1989ء کا مقبول ترین گیت شیک اٹ آف دنیا بھر کے میوزک چارٹس پر نمبر ون رہا ہے اس کے علاوہ اسی البم سے ان کے مقبول گیت بلینک اسپیس اور بیڈ بلڈ کے گانوں نے یو ٹیوب پر مقبولیت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

روزنامہ نیویارک ڈیلی سے بات کرتے ہوئے پچاس سالہ گلوکار جیسی نے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ نے ان کے گیت کے بول اپنے گانے میں لکھے ہیں اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کا نام شیک اٹ آف کے شریک نغمہ نگار کے طور پر شامل کیا جائے۔

امریکی افریقی موسیقی کی ایک رقصی طرز جاز کے گلوکار جیسی نے ٹیلر سوئفٹ کے گانے کے کورس میں سنائی دینے والے بولوں پر کاپی رائٹ کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے گانے میں ان کے گیت' ہیٹ ارز گون ہیٹ اینڈ پلے از گون پلے' کے بول چرائے ہیں جبکہ ان کا یہ گانا 2013ء میں ریلیز کیا گیا تھا۔

جیسی کے گیت کے کورس میں ہیٹ یعنی نفرت کی پکار ہے جبکہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے میں فیک یعنی نقلی کورس میں سنائی دیتا ہے۔

گلوکار جیسی کا مزید کہنا ہے کہ انھوں نے ٹیلر سوئفٹ کے ریکارڈ لیبل بگ مشین سے اس معاملے پر کئی بار بات چیت کی تھی اور ایک شریک مصنف کی حیثیت سے نامزد کیے جانے کے علاوہ گلوکارہ کے ساتھ ایک سیلفی کی درخواست بھی کی تھی جسے بار بار مسترد کر دیا گیا۔

ٹیلر سوئفٹ کے نمائندگان کی جانب سے باضابطہ طور پر اس قانونی معاملے پر اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

یہ ٹیلر سوئفٹ کا حالیہ دنوں میں دوسرا قانونی معاملہ ہے اس ہفتے کے اوائل میں ٹیلر سوئفٹ نے ریڈیو ڈی جے کے مقدمے کے جواب میں دعویٰ دائر کیا ہے۔

ٹیلر کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈینور میں 2013ء میں ایک ریڈیو میزبان ڈیوڈ میلر نے شو کے دوران ٹیلر کو نامناسب انداز میں چھوا تھا۔

جبکہ ٹیلر سوئفٹ کی شکایت پر ڈیوڈ میلر کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا تھا جس کے بعد ڈیوڈ میلر نے امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ٹیلر سوئفٹ کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

ٹیلر سوئفٹ نے واضح کیا تھا کہ ہتک عزت کے مقدمے کے بعد ملنے والی ہرجانے کی رقم وہ کسی خیراتی ادارے کے لیے وقف کر دیں گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خواتین پر جنسی حملوں کے خلاف پر عزم ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ اس سال ایم ٹی وی ویڈیو ایوارڈز کی تقریب میں اپنے ہٹ سونگ بیڈ بلڈ کے لیے 'ویڈیو آف دا ائیر کا ایوارڈ' حاصل کیا ہے جبکہ اسی تقریب میں بیلنک اسپیس کو بہترین پاپ ویڈیو کا ایوارڈ ملا ہے۔