تھائی لینڈ: مظاہرین کے احتجاج میں کمی

مظاہرین دیواروں پر لکھے نعرے صاف کر رہے ہیں

ہفتہ کو ہونے والی یہ پیش رفت مظاہرین کے رہنما سیتھپ تھاؤگسوبان کی طرف سے ایک روز قبل ’’شٹ ڈاؤن بنکاک‘‘ نامی احتجاج ختم کرنے کےاعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوگئی ہے جہاں حکومت مخالف مظاہرین نے اپنا سامان سمیٹنا اور گلیوں کی صفائی شروع کر دی ہے۔

ہفتہ کو ہونے والی یہ پیش رفت مظاہرین کے رہنما سیتھپ تھاؤگسوبان کی طرف سے ایک روز قبل ’’شٹ ڈاؤن بنکاک‘‘ نامی احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔

تھاؤگسوبان کا کہنا تھا کہ مظاہرین بنکاک میں اہم شاہراہروں اور مقامات سے ہٹ جائیں گے۔
پیر سے یہ لوگ لمپینی پارک میں جمع ہوں گے جو احتجاج کے ایک روایتی مرکز کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

تھائی لینڈ میں مہینوں سے جاری سیاسی بحران اور تشدد گزشتہ ہفتے سنگین صورتحال اختیار کر گیا تھا اور اس دوران کم ازکم دستی بموں کے نوے حملے ہوئے جب کہ مظاہرین کے کیمپوں پر ہونے والے حملوں میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

جمعہ کو ایک بیان میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے تھائی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان حملوں کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص متعدد معصوم بچوں کی ہلاکت کے واقعات بہت خوفناک تھے اور یہ فریقین کے لیے ’’جاگ جانے کی آخری گھنٹی‘‘ ہے کہ وہ تشدد سے باز رہیں۔