کیلی فورنیا: جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری

فائل فوٹو

آگ بجھانے والے عملے کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں ایک ہزار چھ سو سے زائد کارکن حصہ لے رہے ہیں۔

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں واقع جنگل میں دو مختلف مقامات پر لگنے والی آگ کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

آگ بجھانے والے عملے کے مطابق سانتا کلاریٹا اور اینجلیس نیشنل فارسٹ میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس آگ سے 88 مربع کلومیٹر کا علاقہ متاثر ہوا ہے جب کہ پانچ سو کلو میٹر شمال میں واقع علاقہ بھی آگ کی لپیٹ میں ہے۔

حکام کو ہفتہ کو ایک مکان کے باہر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے اور تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس کی موت آگ کی وجہ سے واقع ہوئی یا اس کا سبب کچھ اور تھا۔

آگ بجھانے والے عملے کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں ایک ہزار چھ سو سے زائد کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ آگ تقریباً پندرہ سو گھروں اور ایک سو تجارتی عمارتوں کے لیے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔

اینجلیس نیشنل فارسٹ کے ترجمان ناتھن جوڈی کا کہنا ہے کہ "اس آگ کی سمت ایک نہیں ہے بلکہ یہ ہوا کے رخ کے ساتھ مختلف سمتوں میں پھیل رہی ہے"۔

آگ کی وجہ سے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے یہاں قائم ایک مرکز میں موجود بنگال کے شیروں اور دیگر جانوروں کو وہاں سے نکالنا پڑا تاہم ان کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔