افغانستان میں تعینات جارجیا کے 28 فوجی کرونا وائرس میں مبتلا

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج میں شامل جارجیا کے 28 فوجی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

جارجیا کے ذرائع ابلاغ نے وزارت دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ متاثر فوجی وطن واپس آگئے ہیں اور ایک ملٹری اسپتال میں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ اس کے مطابق فوجیوں کی صحت اطمینان بخش ہے۔

وائس آف امریکہ کے رابطہ کرنے پر افغانستان میں فوجی اتحاد کے ایک ترجمان نے کہا کہ جارجیا کے فوجیوں کے بارے میں ان کے دفاعی حکام بتا سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہ انفرادی طور پر کیسز کی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ لیکن فوجیوں کا تمام خطرات سے تحفظ ہماری اہم ترجیح ہے اور ان خطرات میں کرونا وائرس بھی شامل ہے۔

افغانستان میں 38 اقوام کے فوجی مشن میں امدادی کاموں کے لیے سب سے بڑا دستہ جارجیا کا ہے جس میں 920 فوجی شامل ہیں۔ چار ماہ پہلے افغانستان میں کرونا وائرس پہنچنے کے بعد نیٹو کئی کیسز کے بارے میں بتاچکا ہے؛ لیکن اس نے ان کی قومیت ظاہر نہیں کی۔

جمعہ تک افغانستان میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کرونا وائرس کیسز کی تعداد لگ بھگ 34 ہزار تھی جبکہ ملک میں تقریباً ایک ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ لیکن افغانستان کے صحت عامہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اصل تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ ان کے پاس زیادہ ٹیسٹ کی صلاحیت نہیں اور دوسری مشکلات بھی درپیش ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں 3 کروڑ 70 لاکھ والے ملک کی نصف آبادی وبا کا شکار ہوسکتی ہے۔ وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹو افغانستان کی قومی فوج سے تعاون کررہی ہے۔ وہ اب تک اسے 14 لاکھ ماسک، 5 لاکھ دستانے اور ساڑھے 4 لاکھ گاؤن فراہم کرچکی ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق، افغان فوج اور پولیس میں بھی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ لیکن، وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فورسز میں وسیع پیمانے پر کیسز سامنے نہیں آرہے۔