امریکہ مزید فوجی تربیت کار عراق بھیجے گا

امریکی صدر براک اوباما نے بدھ کے روز مزید 450 امریکی فوجی عراق روانہ کرنے کی منظوری دی ہے۔

امریکی فوجیوں کو عراق میں بھیجنے کا مقصد دولت اسلامیہ کے خلاف برسر پیکار مقامی فوجوں کو تربیت فراہم کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ عراق میں پہلے ہی امریکہ کے 3100 تربیت کار موجود ہیں۔

مئی میں شدت پسندوں نے عراق کے سب سے بڑے صوبے انبار کے دارالحکومت رمادی پر قبضہ کر لیا تھا.

دولت اسلامیہ نے امریکی فضائی حملوں کے باوجود عراق میں مزید علاقوں پر اپنا قبضہ قائم کیا ہے۔

صدر اوباما نے جرمنی میں جی 7 اجلاس میں عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات کی تھی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔