رومنی کی تین ریاستوں میں کامیابی

مٹ رومنی

امریکہ کی ریپبلکن پارٹی کے ایک صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے تین مزید ریاستوں میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ جس کے بعد نومبر میں صدر براک اوباما کے خلاف اپنی جماعت کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ان کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

ریاست انڈیانا، نارتھ کیئرولائنا اور ویسٹ ورجینیا میں فتح کے بعد مٹ رومنی کو 900 مندوبین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ میسا چیوسٹس کے سابق گورنر کو اپنی جماعت کی جانب سے بطور صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے 1،114 مندوبین کی حمایت کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء انڈیانا کے پرائمری انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے سینیٹر رچرڈ لوگر اپنی نشست پر کامیاب نہیں ہو سکے۔ وہ گزشتہ تین دہائیوں سے اس ریاست کی نمائندگی کر رہے تھے۔ 80 سالہ لوگر سخت مقابلے کے بعد ٹی پارٹی موومنٹ کے حمایت یافتہ امیدوار سے ہار گئے۔

صدر براک اوباما نے سینیٹر لوگر کی خدمات بالخصوص دنیا کو خطرناک ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

امریکہ میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار وں کو پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنی ہوتی ہے اور اس کا فیصلہ پارٹی کے مندوبین کرتے ہیں۔ ابتدائی انتخابی مرحلے میں تمام ریاستوں میں پارٹی ووٹرز کنونشن کے لیے ڈیلی گیٹس منتخب کرتے ہیں۔ اور آخر میں پارٹی کنونشن میں جس امیدوار کے ڈیلی گیٹس کی تعداد زیادہ ہوتی ہے وہی صدارتی امیدوار نامزد ہو جاتا ہے۔