تصاویر: امریکہ میں شدید سردی کی لہر

نیویارک شہر کے معروف سیاحتی مرکز ٹائمز اسکوائر کا منظر جو شدید سردی کے باعث سیاحوں سے خالی ہے۔

ریاست نیو جرسی کے شہر ہوبوکن کا ایک خالی پارکنگ لاٹ جو عام دنوں میں گاڑیوں سے بھرا رہتا ہے۔ سردی کی حالیہ لہر سرمائی طوفان کا نتیجہ ہے جس نے امریکہ کے جنوب سے لے کر شمال تک تمام مشرقی اور وسط مغربی ریاستوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایک سرکاری اہلکار وائٹ ہاؤس کے شمالی حصے کے سامنے سے برف ہٹا رہا ہے۔ امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں اتوار کی صبح درجۂ حرارت ریکارڈ منفی 17 سے 20 سینٹی گریڈ حد تک گرسکتا ہے۔ شدید سردی کے باعث واشنگٹن کے کئی تالاب اور فوارے منجمد ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو آنے والے برفانی طوفان کے دوران ریاست نیو جرسی کی ایک مرکزی شاہراہ کا منظر۔ حکام نے شہریوں کو طوفان کے دوران گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔

امریکہ کے شہر نیویارک کے لانگ آئی لینڈ ریل روڈ کے داخلی راستے پر موجود راہ گیر۔ شدید برف باری کے باعث نیویارک میں ٹرینوں کی آمد و رفت اور فیری سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔

شدید سردی کے باعث ریاست اوہایو کے شہر کلیو لینڈ کے نواح میں واقع جھیل ایری کی دیوار پر جمنے والی برف۔ پسِ منظر میں کلیو لینڈ نظر آرہا ہے۔ حکام نے مشرقی ساحلی ریاستوں کے کم از کم 25 بڑے شہروں میں درجۂ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔

سخت سردی کے باعث بوسٹن کے ساحل کےنزدیک سمندر پر برف کے ٹکڑے تیر رہے ہیں۔تیز ہواؤں کے باعث ریاست میساچوسٹس اور مین کے ساحلی قصبوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا ہے جب کہ بوسٹن کے تاریخی ساحلی علاقے سے ایک میٹر تک بلند ساحلی لہریں ٹکرا رہی ہیں۔

بوسٹن کے تاریخی ساحلی علاقے میں کھڑی ایک کار برفانی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے جو تیز ہواؤں کے باعث سمندر سے ساحلی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفانی ہواؤں کے باعث شمالی مشرقی ریاستوں میں درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری تک محسوس کیا جاسکتا ہے جس کے باعث فوری فراسٹ بائٹ کا اندیشہ ہے۔

نیویارک کے علاقے ٹائمز اسکوائر سے رضاکار برف ہٹا رہے ہیں۔ عام دنوں میں ٹائمز اسکوائر پر 24 گھنٹے گہما گہمی رہتی ہے لیکن برفانی طوفان کے باعث دن میں بھی یہ علاقہ ویران پڑا ہوا ہے۔

نیویارک کے لا گارڈیا ہوائی اڈے کا ایک منظر جہاں گیٹ سی اور ڈی کے آگے سے برف ہٹائی جارہی ہے۔ برفانی طوفان کے باعث امریکہ میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق سرمائی طوفان کے اثرات آئندہ ہفتے کے وسط تک برقرار رہیں گے جس کے بعد سردی معمول پر آجائے گی۔