دی ڈیلی شو کے معروف میزبان اسٹیورٹ کا پروگرام سے علیحدگی کا اعلان

سالہ اسٹیورٹ نے یہ انکشاف منگل کو شو کی ریکارڈنگ کے دوران کیا۔ انھوں نے حاضرین کے سامنے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بمشکل اپنے آنسو ضبط کیے اور کہا کہ یہ شو ان کی پیشہ وارانہ زندگی کا ایک اعزاز رہا ہے۔

امریکہ کے ایک معروف کامیڈین جان اسٹیورٹ نے تقریباً 16 سال بعد مشہور ٹی وی شو "دی ڈیلی شو" کی میزبانی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

52 سالہ اسٹیورٹ نے یہ انکشاف منگل کو شو کی ریکارڈنگ کے دوران کیا۔ انھوں نے حاضرین کے سامنے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بمشکل اپنے آنسو ضبط کیے اور کہا کہ یہ شو ان کی پیشہ وارانہ زندگی کا ایک اعزاز رہا ہے۔

"لیکن یہ شو اس بات کا حقدار نہیں کہ کوئی ذرا سی بھی مضطرب شخص اس کا میزبان ہو۔"

حال ہی میں اسٹیورٹ نے بطور ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم کے لیے چھٹیاں بھی لی تھیں۔ "روز واٹر" نامی یہ فلم ایران میں پیدا ہونے والے ایک صحافی سے متعلق ہے جسے ایران میں 118 روز تک جیل میں رکھا گیا۔

اسٹیورٹ نے 1999ء میں "دی ڈیلی شو" کی میزبانی شروع کی تھی اور ان کے مخصوص انداز میزبانی کی وجہ سے نوجوان امریکی سیاسی اور صحافت کے موضوعات پر مبنی پروگرام میں دلچسپی لینے لگے۔

اس دوران شو کو متعدد ایمی ایوارڈ حاصل ہوئے اور اس میں کام کرنے والے ان مزاحیہ اداکاروں کو جو کہ اس میں رپورٹر کے طور پر شریک ہوتے تھے انھیں بھی ان کی کارکردگی پر ایوارڈز سے نواز جا چکا ہے۔

دی ڈیلی شو ٹی وی چینل کامیڈی سنٹرل پر نشر ہوتا ہے اور اس چینل کی صدر مشیل گینلیس نے ایک بیان میں اسٹیورٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ " ایک منفرد آواز اور تصور" کے مالک ہیں۔

تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ اسٹیورٹ کب اس شو سے رخصت ہوں گے۔