انٹرنیٹ کی آزادانہ ترسیل اور مجوزہ نئے ضابطے

اِن تجاویز کی رو سے، انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو مندرجات کی تیز تر فراہمی کی خدمات پر اٹھنے والی لاگت کے عوض مناسب قیمت وصول کرنے کی اجازت ہوگی
انٹرنیٹ تک غیرجانبدارانہ رسائی کو یقینی بنانے کی غرض سے، امریکہ کے ذرائع نقل و حمل سے متعلق کمیشن نئے انٹرنیٹ ضابطے تجویز کرنے والا ہے۔

اِن تجاویز کی رو سے، انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو مندرجات کی تیز تر فراہمی کی خدمات پر اٹھنے والی لاگت کے عوض مناسب قیمت وصول کرنے کی اجازت ہوگی۔

ادارے کے سربراہ، ٹوم ویلر جمعرات ہی کے روز کمیشن کے مجوزہ ضابطوں کا اعلان کرنے والے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ قیمت وصول کرنے کے ضمن میں، ادارہ جو تجاویز دینے والا ہے اس میں حکومتی نگرانی کی شق بھی شامل ہوگی، تاکہ مسابقت کے اصولوں پر سودے بازی نہ ہو پائے اور آزادی اظہار پر کوئی حرف نہ آئے۔

نیٹ کی آزادی کے ضابطوںٕ کے بارے میں پالیسی ساز، انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے اور مندرجات سے متعلق ادارے کافی عرصے سے شد و مد کے ساتھ مباحثہ کرتے آ رہے ہیں؛ کیونکہ صارفین کے وکلا کا کہنا ہے کہ نئے ضابطے لاگو کیے بغیر بھی، انٹرنیٹ کی بڑی بڑی کمپنیاں کئی قسم کے مندرجات کی مفت رسائی محدود کر سکتے ہیں۔