امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر

امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں سال 2014ء کی پہلی شدید برفباری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

برفباری کا یہ سلسلہ ایسے وقت شروع ہوا جب لوگ سالانہ چھٹیوں کے اختتام پر اپنے کاموں پر لوٹ رہے ہیں۔

امریکہ کے وسیع شمال مشرقی علاقے میں درجہ حرارت تیزی سے گر رہا ہے۔

بوسٹن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہزاروں کی تعداد میں پروازوں کو منسوخ اور موخر کر دیا گیا۔

امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

نیویارک کے گورنر انڈریو کومو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

محکمہٴموسمیات نے بتایا ہے کہ شکاگو کے شمالی مضافاتی علاقے برف کی چادر اوڑھ چکے ہیں اور اب تک 45سینٹی میٹر سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفباری سے معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے۔

برف باری کے باعث متعدد سکولوں میں طلبہ کو چھٹی دے دی گئی ہے۔

نیویارک اور نیو انگلینڈ میں 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بھاری مشینری کی مدد سے نیویارک کے ہوائی اڈے پر برف کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔