ایران کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق

ویانا

محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'امریکہ نے 14 ایرانیوں کے خلاف انٹرپول کے ریڈ نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور الزامات واپس لیے ہیں، جن کے لیے یہ طے کیا گیا تھا کہ اُن کی ملک بدری کی درخواست پر کامیابی سے عمل درآمد ممکن نہیں'

امریکی محکمہ خارجہ نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے چار امریکی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

اُن کی شناخت امیر حکمتی، سعید عابدینی، جیسن رضائیاں اور نصرت اللہ خسروی ردسری بتائی گئی ہے۔

ہفتے کو ایک بیان میں، محکمہ خارجہ نے کہا ہے اِن کی رہائی ایران کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں عمل میں آئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے وعدہ کیا ہے کہ رابرٹ لیونسن کا اتا پتا معلوم کرنے میں ایران امریکہ سے تعاون جاری رکھے گا۔

اِس سلسلے میں، محکمہ خارجہ نے بتایا کہ ایک سفارتی ذریعے سے ایران کے ساتھ رابطہ ہوا جس کا مقصد امریکی شہریوں کی قید سے رہائی اور وطن واپسی تھا۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ 'ہم نے سات ایرانیوں کے معاملے پر نرمی کی پیش کش کی ہے، جن میں سے چھ امریکہ اور ایران کی دوہری شہریت رکھتے ہیں، جن کو امریکہ میں سزا ہوچکی ہے یا جن پر مقدمہ چلایا جانا تھا'۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'امریکہ نے 14 ایرانیوں کے خلاف انٹرپول کے ریڈ نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور الزامات واپس لیے ہیں، جن کے لیے یہ طے کیا گیا تھا کہ اُن کی ملک بدری کی درخواست پر کامیابی سے عمل درآمد ممکن نہیں'۔