عالمی ہاکی لیگ: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

اب آئندہ سال ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلا جانے والا میچ جیتنا ضروری ہے۔

عالمی ہاکی لیگ کے ایک کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان کی ریو اولمپکس میں شرکت خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔

بلیجیئم کے شہر انٹورپ میں بدھ کو ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ابتدا ہی میں یکے بعد دیگر دو گول کر کے اپنی برتری یقینی بنا لی۔

نو منٹ میں پہلا گول کرس گرفتھ اور دوسرا ایلسٹر براگڈن نے کیا۔

دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی سر توڑ کوششوں کے باوجود انھیں کوئی کامیابی نہ ملی اور نہ ہی برطانیہ اپنی برتری میں مزید اضافہ کر سکا۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستان کے عمر بھٹہ گول کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کرسکیں اور یہ میچ برطانیہ ایک کے مقابلے دو گول سے جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

شکست کے بعد اب آئندہ سال ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلا جانے والا میچ جیتنا ضروری ہے۔