پاکستان موٹاپے کے شکار ملکوں میں نویں نمبر پر: رپورٹ

ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں آباد لگ بھگ 30 فیصد افراد موٹاپے یا معمول سے زائد وزن کا شکار ہیں۔

معمول سے زائد وزن کے شکار لوگوں کی تعداد تقریباً دو ارب 10 کروڑ ہے۔

دنیا بھر میں موٹاپے کے شکار افراد میں سے نصف دنیا کے 10 ممالک میں آباد ہیں، جن میں پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

دنیا کے ہر تیسرے بالغ اور ہر چوتھے بچے کا وزن مقررہ حد سے زیادہ ہے جس سے صحت عامہ کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصر، سعودی عرب، اومان، ہونڈوارس اور بحرین کی خواتین میں موٹاپے کی شرح زیادہ ہے۔

مردوں میں موٹاپے کے حوالے سے نیوزی لینڈ، بحرین، کویت، سعودی عرب اور امریکہ سب سے آگے ہیں۔

دنیا کے امیر ملک امریکہ میں موٹاپے کے شکار افراد کی شرح 13 فیصد ہے جو کہ سب سے زیادہ ہے، تاہم امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس کی پانچ فیصد آبادی موٹاپے کا شکار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ موٹاپا میٹھے، چربی دار، نمکین اور جنک فوڈ کی زیادہ مقدار کے استعمال  سے بڑھتا ہے۔

صحت مندانہ طرز زندگی خاص طور پر ورزش کو زندگی کا معمول بنا کر موٹاپے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال موٹاپے سے لاحق ہونے والے پیچیدہ امراض سے 34 لاکھ افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔