یمن میں شدید لڑائی

یمن میں 72 گھنٹوں کی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل ہی سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں میں شدید لڑائی ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی زیر قیادت اتحاد نے دارالحکومت صنعاء کے مشرقی علاقے میں حوثیوں کے اہداف کو نشانہ بنایا۔

عرب دنیا کے اس پسماندہ ترین ملک یمن میں تقریباً دو سالوں سے جاری لڑائی کے باعث اب تک سات ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

یمن میں 72 گھنٹوں کی جنگ بندی کا مقصد شہریوں تک انتہائی ضروری امداد پہنچانے کی راہ ہموار کرنا تھا۔

یمن میں جاری جنگ سے اب تک سات ہزار افراد مارے جا چکے ہیں

یمن کے صدر منصور ہادی کی فوجیں دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی باغیوں سے محو جنگ ہیں۔

گزشتہ سال کے اوائل میں سعودی عرب نے اپنے خلیجی اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمن میں ایرانی حمایت یافتہ شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی تھیں۔

حوثیوں قبائل نے حکومت پر امتیازی سلوک برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 2014ء میں بغاوت کا آغاز کیا تھا۔