رسائی کے لنکس

یوایس ایڈ جیکب آباد میں جدید اسپتال تعمیر کرے گا


اسپتال کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہوگی جس میں او پی ڈی بلاک، ایڈمیشن ، انڈور بلاک سمیت تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بعد میں اس اسپتال کو ٹیچنگ اسپتال کا درجہ دیا جائے گا۔

امریکہ کا فلاحی ادارہ یوایس ایڈ سندھ کے شہر جیکب آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال تعمیر کرے گا جس پر ابتدائی طور پر ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں منگل کو امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین اور یوایس ایڈ کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈورڈ برگلس نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ملاقات کی۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے صحت اور تعلیم و دیگر شعبوں میں یو ایس ایڈ کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ صوبہ سندھ کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مزید منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

امریکی قونصل جنرل نے بتایا کہ یو ایس ایڈ جیکب آباد میں جدید سہولتوں سے آراستہ ا یک اسپتال تعمیر کرنا چاہتا ہے،جس میں او پی ڈی بلاک، ایڈمیشن ، انڈور بلاک سمیت تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بعد میں اس اسپتال کو ٹیچنگ اسپتال کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے مطابق یو ایس ایڈ اور حکومت سندھ کے درمیان ایک یاداشت پر دستخط کئے جائیں گے جبکہ سیکریٹری صحت اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اسپیشل سیکرٹری ، پی سی ون اور ضابطے کی دیگر ضروری کارروائیاں پوری کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے بالخصوص جیکب آباد اور سندھ کے دیگر بالائی حصوں کے لوگوں کے لئے طبی سہولیات کی کافی ضرورت ہے جبکہ صوبے کے کئی شہروں میں لائبریریز کا قیام بھی اشد ضروری ہے۔

جنرل مائیکل ڈوڈمین نے کہا کہ سندھ کے کئی شہروں میں لائبریریاں بھی تعمیر کی جائیں گی ۔ پہلے مرحلے میں تین لائبریریاں حیدرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں تعمیر ہوں گی۔ صوبائی محکمہ ثقافت کے تعاون سے سندھ کے اہم شہروں میں انگریزی زبان سیکھنے کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ کراچی میں پندرہ سوطالب علموں کو تربیت فراہم کی گئی ہےاور حیدرآباد میں 7سو طلباء کو انگریزی زبان سکھائی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG