رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے گرفتار رہنما ندیم ہاشمی رہا


مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے اپنی تفتیش مکمل کرلی ہے، جس کے مطابق، اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ندیم ہاشمی پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں

کراچی ۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ندیم ہاشمی کو رہا کردیا گیا ہے۔ انہیں 11ستمبر کو دو پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں تفتیش کی غرض سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے عدالت سے ان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے اپنی تفتیش مکمل کرلی ہے جس کے مطابق اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ندیم ہاشمی پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے ندیم ہاشمی کیس پر دفعہ497 بھی عائد کی جس کے بعد انہیں منگل کی شام رہ کر دیا گیا۔ رہائی کے فوری بعد ندیم ہاشمی متحدہ قومی موومنٹ کے دفتر واقع عزیزآباد پہنچے اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی 60سالگرہ کے جشن میں حصہ لیا۔

ٹارگٹڈ آپریشن،53جرائم پیشہ افراد گرفتار
ادھر رینجرز اور پولیس نے منگل کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور بھتہ خوروں و دیگر جرائم میں ملوث 53ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق شیرشاہ پولیس نے محمدی مارکیٹ میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کے مطابق پولیس نے ضلع جنوبی کے کچھ علاقوں سے بھی 22جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے ہیں۔ لیاری کے علاقوں چاکیواڑہ، سنگولین سے بھی 2 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

ٹارگٹ کلنگ بھی جاری ، 5 افراد ہلاک
دوسری جانب، کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3سیاسی کارکنوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن نمبر10 غازی آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو ہلاک کردیا۔ اورنگی ٹاوٴن میں ہی مہاجر چوک پر فائرنگ سے ایک اور شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے ہاکس بے سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد کی ہے۔
XS
SM
MD
LG