رسائی کے لنکس

پاکستان: اغوا ہونے والا چینی سیاح ایک سال بعد بازیاب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملک کے ایک اہم انٹیلی جنس ادارے نے شمالی مغربی علاقے میں گزشتہ روز ایک آپریشن کر کے چینی سیاح کو بازیاب کروایا

پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے مئی 2014ء میں ڈیرہ اسماعیل خان سے اغوا ہونے والے چینی سیاح کو بازیاب کروا لیا ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملک کے ایک اہم انٹیلی جنس ادارے نے شمال مغربی علاقے میں گزشتہ روز ایک آپریشن کر کے چینی سیاح کو بازیاب کروایا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ چینی صدر اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر اس اغوا ہونے والے سیاح کے معاملے پر پاکستانی حکام سے بات کرتے رہے ہیں۔

ہانگ زو ڈانگ نامی چینی سیاح کو 19 مئی 2014ء کو خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے اس وقت نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا جب وہ سائیکل پر بلوچستان جا رہا تھا۔ اس وقت اغوا کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منحرف ہونے والے ایک گروہ نے قبول کی تھی۔

دریں اثنا چوہدری نثار نے کہا کہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزداہ کے ڈیرے پر گزشتہ اتوار ہونے والے ایک خود کش حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انھوں نے ذرائع ابلاغ میں اس سلسلے میں سکیورٹی اداروں کی کارروائیوں سے متعلق خبروں کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے۔

پنجاب کے وزیر داخلہ کو گزشتہ اتوار کو ان کے آبائی گاؤں اٹک میں اس وقت ایک خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے ڈیرے پر مقامی افراد سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس حملے میں شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG