رسائی کے لنکس

عید پر دو پاکستانی فلموں کی کامیاب نمائش


فلم’ پنجاب نہیں جاؤں گی میں دیہی اور شہری زندگی کے مابین فرق اور پنجاب کی ثقافت کی ترجماني بے حد خوبصورت انداز کے ساتھ کی گئی۔ ساتھ ہی دو مختلف ثقافتوں کے امتزاج کے ساتھ نبھانے جانے والے بندھن کو بھی دکھایا گیا۔

علی رانا

پاکستان میں فلموں کی نمائش کے لیے عید سے بڑھ کر کوئی اچھا موقع نہیں ہوتا، اس لیے ہر عید پر فلم ساز اور پروڈکشن ہاؤس اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ فلمیں ریلیز کی جائیں۔

اس بار کی عید کے موقع پر کوئی بھی انڈین فلم نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئی اور صرف پاکستانی فلموں کے درمیان ہی مقابلہ رہا۔

پاکستان میں عید پر الضحیٰ پر سینما گھروں میں پاکستان فلموں کا راج رہا۔ سینما گھروں میں شہریوں کا ہجوم قابلِ دید ہے۔

پاکستانی فلموں میں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’’نامعلوم افراد 2‘‘ ‘ نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ دونوں فلموں کو باکس آفس پر عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

سینما گھروں میں ایڈاونس بکنگ کی گئیں اور موقع پر ٹکٹ حاصل کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

فلم’ پنجاب نہیں جاؤں گی‘کی بات کی جائے تو اس فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات خان، عروہ حسین اور اظفر رحمٰن کام کرتے نظر آئے ہیں۔

فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین کے درمیان لو ٹرائی اینگل نظر آتا ہے، جس میں ہمایوں سعید ایک دیہاتی جبکہ مہوش حیات ایک شہری لڑکی کے روپ میں نظر آئی ہیں۔

فلم میں دیہی اور شہری زندگی کے مابین فرق اور پنجاب کی ثقافت کی ترجماني بے حد خوبصورت انداز کے ساتھ کی گئی۔ ساتھ ہی دو مختلف ثقافتوں کے امتزاج کے ساتھ نبھانے جانے والے بندھن کو بھی دکھایا گیا۔

پنجاب نہیں جاؤں گی ہمایوں سعید کی پروڈکشن ہے جو اس سے پہلے جوانی پھر نہیں آنی بنا چکے ہیں ، جوانی پھر نہیں آنی موجودہ دور کی پاکستان کی سب سے کامیاب ترین فلم ہے۔

پاکستانی فلم ناقدین کی رائے میں پنجاب نہیں جاؤں گی ہمایوں سعید کی سابقہ پروڈکشن سے بھی کہیں زیادہ معیاری اور قابلِ دید ہے جس میں تمام اداکاروں نے اپنے اپنے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں۔

نامعلوم افراد ٹو 2014 کی سپر ہٹ فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل ہے جس کراچی کے خراب حالات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم نامعلوم افراد ٹو کی کہانی ایسے گروپ کے گرد گھومتی ہے، جو امیر ہونے کے لیے کیپ ٹاؤن میں چوری کا منصوبہ بناتے ہیں

نامعلوم افراد 2 میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ نامعلوم افراد 2 ایک مزاحیہ مگر سنجیدہ پیغام کی فلم ہے۔

سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے دونوں فلموں کو خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے

اسلام آباد کے ایک سینما گھر میں شائقین نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی اب فلمی دنیا پر بھی راج کریں گے۔

عائشہ ممتاز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بہت اچھا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں اتنی اچھی موویز بن رہی ہیں۔ تمام پاکستانیوں کو یہ فلمیں ضرور دیکھنی چاہیں۔ ہم نے بھارتی موویز بالکل نہیں دیکھیں، پاکستانی موویز دیکھی ہیں۔

ایک اور شائق رخسانہ نے کہا کہ پنجاب نہیں جاؤں گی بہت اچھی فلم ہے۔ ہمایوں اور مہوش نے بہت اچھی اداکاری کی ہے۔ فلم دیکھ کر بہت مزا آیا۔

عادل عباسی بھی اپنی فیملی کے ہمراہ فلم دیکھنے کے لئے اسلام آباد کے سینما گھر میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ان فلموں میں خاص بات یہ ہے کہ آپ اہل خانہ کے ہمراہ دیکھ سکتے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے پہلے تین دنوں میں’’ پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘نے 7 کروڑ روپے جبکہ’’ نامعلوم افراد 2‘‘نے تقریباً 4 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

پاکستان سینما گھروں میں عید پر کوئی بھی بھارتی فلم ریلز نہیں کی گئی۔ بھارتی فلم ’’بادشاہو‘‘ جو اسی عید پر ریلیز ہونے والی تھی اسے ملک بھر میں کوئی سینما نہیں مل سکا جس کی وجہ سے اس کی ریلیز کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھا دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG