رسائی کے لنکس

بھارتی گلوکار دلیرمہدی کو 2 سال قید کی سزا


گلوکار دلیر مہدی ۔ فائل فوٹو
گلوکار دلیر مہدی ۔ فائل فوٹو

بولوتارا۔۔را۔۔را‘،’ساڈے نال رہوگے تو عیش کروگے‘ ۔۔۔جیسے گانوں کی بدولت شہرت پانے والے بھارتی گلوکارد لیرمہدی کو انسانی اسمگلنگ کے جرم میں دوسال قید کی سزا سنا دی گئی۔

ٹائمز ناؤ‘،’این ڈی ٹی وی‘ اور’ٹائمز آف انڈیا‘سمیت بھارتی میڈیا کے مطابق پٹیالہ کی ایک عدالت نے جمعہ کو دلیرمہدی کو انسانی اسمگلنگ کا مجرم ثابت ہونے پر دو سال قید کی سزا سنائی۔ دلیرمہدی کوعدالت سے گرفتاربھی کیا گیا، تاہم انہیں کچھ ہی دیر میں ضمانت پر رہائی مل گئی۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں دلیر مہدی کا کہنا تھا کہ وہ دوسال قید کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

سن 90 کے عشرے میں پنچابی پاپ اوربھنگڑا کنگ کہلائے جانے والے دلیر مہدی کے خلاف 2003 میں انسانی اسمگلنگ کا کیس درج کرایا گیا جس کے بعد دلیر مہدی کے خلاف مزید35شکایات سامنے آئیں۔

دلیر مہدی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ پر الزام تھا کہ انہوں نے لوگوں کو اپنے میوزک گروپ کا حصہ قرار دے کر غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجا اور اس کے عوض ان سے بھاری رقم وصول کی۔

دلیر مہدی اور ان کے بھائی دس لوگوں کواپنے گروپ میں شامل کر کے 1998 اور 1999 میں بیرون ملک لے گئے جہاں جا کر وہ دس افراد لاپتہ ہو گئے۔

دلیرمہد ی پر اپنے گروپ کی دو لڑکیوں کو بھی فرار کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

پٹیالہ پولیس نے 2006 میں عدالت میں دو درخواستیں دائر کیں تھیں جن میں دلیر مہدی کو بے گناہ قرار دیا گیا تھا لیکن عدالت نے درخواستیں مسترد کرتے ہوئے دلیر مہدی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ کے خلاف کیس برقرار رکھا تھا۔

XS
SM
MD
LG