رسائی کے لنکس

سعودی ولی عہد کا خشوگی کے قتل سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں: پومپیو


امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، سینیٹ میں خشوگی کے قتل پر بند دروازوں کی بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے ہیں۔ 28 نومبر 2018
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، سینیٹ میں خشوگی کے قتل پر بند دروازوں کی بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے ہیں۔ 28 نومبر 2018

خبروں کے مطابق سی آئی اے نے یہ نتیجہ نکالا تھا کہ خشوگی کو  کراؤن پرنس سلمان کے حکم پر قتل کیا گیا۔ سعودی عرب قتل کی ذمہ داری سرکش ایجنٹوں پر ڈالتے ہوئے اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ ان تمام انٹیلی جینس رپورٹس کی بنیاد پر، جو میری نظر سے گزری ہیں، سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان اور سعودی صحافی جمال خشوگی کے ترکی میں سعودی قونصیلٹ میں قتل کے درمیان براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔

جب کہ سینیٹ میں ہی وزیر دفاع جم میٹس نے امریکی سینیٹروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے میں جب کہ امریکہ پچھلے مہینے ترکی میں سعودی قونصلیٹ میں سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا خواہاں ہے لیکن وہ مشرق وسطیٰ میں استحكام برقرار رکھنے میں سعودی عرب کے کردار کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قتل کے ذمہ داروں کو پکڑنے کے مطالبے کے ساتھ یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ سعودی عرب ہمارا ایک اہم اسٹریٹیجک پارٹز ہے اور یہ کہ ہمیں مصیبت میں مبتلا یمن کے بے گناہ عوام اور آخرکار اپنے عوام کی سلامتی کی خاطر جنگ ختم کرنے کے لیے اپنے اثر و رسوخ کے استعمال سے روکا نہیں جا سکتا اور اس میں ہمارے فوجی معاہدے بھی شامل ہیں۔

میٹس اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکی سینیٹ میں خشوگی کے قتل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جب کہ دونوں پارٹیوں کے ارکان نے سی آئی اے کی ڈائریکٹر جینا ہاسپل کی غیر موجودگی پرخدشات کا اظہار کیا۔

ڈیلاوئیر کے ڈیموکریٹک سینیٹر کرس کونز نے سوال کیا کہ سی آئی اے کی ڈائریکٹر ہمیں بریفنگ دینے کے لیے یہاں موجود کیوں نہیں ہیں، شاید اس لیے کہ وہ ہمیں یہ بتا دیتیں کہ انہوں نے درحقیقت کیا نتیجہ اخذ کیا ہے۔

خبروں کے مطابق سی آئی اے نے یہ اندازہ لگایا تھا کہ خشوگی کو کراؤن پرنس سلمان کے حکم پر قتل کیا گیا۔ جب کہ سعودی عرب قتل کی ذمہ داری سرکش ایجنٹوں پر ڈالتے ہوئے اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ریاض کے انکار کو قبول کرتے ہوئے یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ معاملہ بدستور ایک کھلا سوال ہے۔

پومپیو نے سینیٹرز کو بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں کمی امریکہ اور ہمارے اتحادیوں کی قومی سلامتی کے لیے ایک بڑی غلطی ہو گی۔

XS
SM
MD
LG