رسائی کے لنکس

پاکستان تحریک انصاف کا ہندی میں ٹویٹ


پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کے ایک ٹویٹ کو ہندی زبان میں ترجمہ کر کے ٹویٹ کیا جس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں۔ نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہوگا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازع کشمیر کاحل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن و انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔‘

پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے ایک رکن احسن علاوی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ٹوئٹ کا مقصد بھارتی عوام تک خود انہی کی زبان میں پیغام دیناتھا۔ یہ پیغام اس تناظر میں دیا گیا ہے جس میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبیل انعام دینے پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔ ‘

احسن علاوی نے مزید بتایا ’یہ ہماری پوری میڈیا ٹیم کا آئیڈیا تھا کہ ہندی میں ٹویٹ کیا جائے تاکہ بھارت کے ایک عام آدمی تک اسی کی زبان میں اپنی بات پہنچائی جائے کیوں کہ اس میں وزیراعظم نے کشمیر میں قیام امن کے لئے کام کرنے والے شخص کو امن انعام دینے کی بات کی تھی اور یہ بہت اہم پیغام تھا لہذا ہم نے اسے اردو ہندی اور انگریزی تینوں زبانوں میں ٹوئٹ کیا۔ یہ تینوں زبانیں بھارت میں بھی بولی اور سمجھی جاتی ہیں۔ ‘

سوشل میڈیا پر دوسری زبانوں میں پیغام دینے کا رجحان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ دنیا کے متعدد رہنما سوشل میڈیا کی اہمیت اور عوام تک اس کی براہ راست رسائی کی وجہ سے مختلف مقامی زبانوں میں اپنے پیغامات دینے لگے ہیں۔ پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی غرض سےدوسری زبانوں میں ترجمہ کیا جانے لگا ہے۔

گزشتہ دنوں امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زاید نے اردو اور ہندی میں پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کا پیغام دیا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی پاکستان کا ساتھ دینے پرترک صدر اور عوام کا ترکی زبان میں شکریہ ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG