رسائی کے لنکس

'دی کراؤن' کو اس کی 'شہزادی ڈیانا' مل گئی


امریکی اسٹریمنگ سروس 'نیٹ فلکس' کی ڈراما سیریز 'دی کراؤن' کو آخرِ کار اس کی 'شہزادی ڈیانا' مل ہی گئی ہے۔

نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ ہالی وڈ اداکارہ الزبتھ ڈی بیکی 'دی کراؤن' کے سیزن 5 اور 6 میں لیڈی ڈیانا کا کردار نبھائیں گی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق الزبتھ ڈی بیکی کے علاوہ 'دی کراؤن' کے سیزن 5 اور 6 کی کاسٹ میں بیشتر مرکزی رول نئے اداکار نبھائیں گے۔

امیلڈا اسٹاؤنٹن ملکہ برطانیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی جب کہ لیزلی مین ول شہزادی مارگریٹ اور جوناتھن پرائس شہزادہ فلپ کا رول ادا کریں گے۔

ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی زندگی پر بنا 'دی کراؤن' نیٹ فلکس کا مشہور ڈراما ہے جس کے اب تک تین سیزن نشر ہو چکے ہیں۔

ڈرامے کے چوتھے سیزن کی شوٹنگ جاری ہے لیکن نیٹ فلکس نے تاحال اس کی اسٹریمنگ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

ڈرامے کے چوتھے سیزن میں ڈیانا کا کردار ایما کورن نے نبھایا ہے۔ لیکن الزبتھ ڈی بیکی کی ڈرامے میں بطور ڈیانا اینٹری سیریز کے پانچویں اور چھٹے سیزن میں اس وقت ہوگی جو ڈیانا کی اپنی زندگی کے اہم ترین ادوار پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔

سیزن 5 اور 6 کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ یہ شو کے آخری سیزن ہوں گے۔

ڈیانا کے کردار سے متعلق اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر الزبتھ ڈی بیکی نے کہا ہے کہ شہزادی ڈیانا کی باتیں اور ان کے کام آج بھی بہت سے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

ان کے بقول یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ وہ 'دی کراؤن' جیسی سیریز کا حصہ بن رہی ہیں جس کی ہر قسط ان کے بقول وہ خود بہت شوق سے دیکھتی آئی ہیں۔

انتیس برس کی الزبتھ ڈی بیکی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور انہیں اسٹیو میکوئن کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'وِڈوز' سے شہرت ملی تھی۔

الزبتھ، کرسٹوفر نولن کی آنے والی تھرلر 'ٹینیٹ' میں بھی کام کر رہی ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر 'دی گریٹ گیٹسبی'، 'دی برنٹ اورنج ہیریسی' اور 'گارڈینز آف دا گیلیکسی والیم 2' جیسی فلمیں بھی ہیں۔

نیٹ فلکس کے علاوہ بھی شہزادی ڈیانا پر ایک فلم 'اسپینسر' بھی تیاری کے مراحل میں ہے جس میں امریکی اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فلم 'اسپینسر' کی کہانی شاہی جوڑے کی ازدواجی زندگی کے آخری ایام کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کو چلی سے تعلق رکھنے والے ہدایت کار پابلو لارین ڈائریکٹ کریں گے جن کا کہنا ہے کہ اسٹیورٹ، ڈیانا کے کردار کے لیے انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ ہیں۔

یاد رہے کہ کرسٹین اسٹیورٹ نے 'ٹوائلائٹ' فلم سیریز میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جو ان کی شہرت کی وجہ بنا۔

XS
SM
MD
LG