رسائی کے لنکس

'آسٹریلیا بائیو سیکیور ماحول میں کھیلنے والے کرکٹرز کی ذہنی صحت مانیٹر کرے گا'


آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان آرون فنچ نے کہا ہے کہ دورۂ انگلینڈ کے دوران بائیو سیکیور ماحول میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو مانیٹر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ کرونا بحران کے وقت ہونے والے اس دورے میں کھیلوں سے وابستہ نفسیاتی ماہرین کی ایک ٹیم بھی انگلینڈ کے دورے پر ٹیم کے ہمراہ جا رہی ہے جو تمام کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے۔

​آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے سخت بائیو سیکیور ماحول میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم اتوار کو انگلینڈ روانہ ہو گی۔ اس دورے کے دوران وہ تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

آسٹریلوی ٹیم کو یہ دورہ جولائی میں کرنا تھا تاہم کرونا وائرس کی وبا کے سبب اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم لگ بھگ چھ ماہ بعد اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ سخت بائیو سیکیور انتظامات کے سبب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں طویل مدت تک سب سے الگ تھلگ رہنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

میڈیا نمائندوں سے آن لائن کانفرنس کے دوران کپتان آرون فنچ نے کہا ہے کھلاڑیوں کے بائیو سیکیور ماحول میں رہنے کا معاملہ اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے اور کھلاڑیوں کی اس دوران سخت نگرانی کرنا ہوگی۔

انہوں نے دورۂ انگلینڈ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بائیو سیکیور ماحول اور قرنطینہ میں قیام کے دوران آنے والے مسائل کا سامنا کریں تاکہ وبائی مرض کی موجودگی میں بھی بین الاقوامی کرکٹ جاری رہے۔ تمام کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا۔

فنچ کے بقول، "میں آسٹریلیا کے نقطۂ نظر سے بخوبی واقف ہوں اور جانتا ہوں کہ اس حوالے سے کام جاری ہے جس کے بعد معاملات بہتر ہوجائیں گے۔"

یاد رہے کہ دورۂ انگلینڈ کے بعد بعض آسٹریلوی کھلاڑی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

بائیو سیکیور ماحول کیا ہے؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرونا وائرس کی موجودگی کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں کو تماشائیوں کے بغیر جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔

اس سلسلے میں اب تک ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں انگلینڈ کا دورہ کر چکی ہیں اور پاکستان کی ٹیم بھی انگلینڈ میں موجود ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ایک دوسرے سے ملنے پر پابندی ہے، گراؤنڈ میں بھی کھلاڑیوں کے لیے سخت ہدایات ہیں۔

کھلاڑیوں کو دورے سے قبل قرنطینہ میں بھی رہنا لازم ہے۔

XS
SM
MD
LG