رسائی کے لنکس

جیف بیزوس کے ہمراہ خلا کا سفر کرنے کا ٹکٹ دو کروڑ 80 لاکھ ڈالرز میں نیلام


جیف بیزوس (فائل فوٹو)
جیف بیزوس (فائل فوٹو)

دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کے ساتھ آئندہ ماہ خلا کا سفر کرنے کے لیے ایک خالی سیٹ دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گئی ہے۔ البتہ، یہ بولی جیتنے والے شخص کا نام تاحال صیغۂ راز میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس اپنے بھائی مارک بیزوس کے ہمراہ اپنی کمپنی 'بلو اوریجنز' کے تیار کردہ خلائی جہاز 'نیو شیپرڈ' میں 20 جولائی کو خلا کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم دونوں بھائیوں کے ساتھ سفر کے لیے ایک خالی سیٹ کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی تھی۔

ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں 'بلو اوریجنز' کمپنی نے بتایا کہ بیزوس برادرز کے ساتھ سفر کے لیے سیٹ دو کروڑ 80 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہو چکی ہے۔ تاہم ابھی مذکورہ خلائی سیاح کا نام ظاہر نہیں کیا جا رہا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں بولی جیتنے والے سیاح کا نام ظاہر کرنے کے بعد اس پرواز میں جانے والے چوتھے کریو ممبر کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بولی کا آغاز 19 مئی کو کیا گیا تھا جب کہ اس کی حتمی تاریخ 12 جون مقرر کی گئی تھی۔

بولی جیتنے والے شخص کے علاوہ 20 دیگر خواہش مندوں نے بھی اس سفر پر جانے کے لیے بولی لگائی تھی۔

جمعرات کو بولی 48 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی تھی تاہم ہفتے کو براہ راست آکشن کے دوران اس میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا۔

بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ سائنس، ریاضی اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی پر خرچ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کیپسول اور بوسٹر پر مشتمل یہ خلائی جہاز 20 جولائی کو مغربی ٹیکساس کے صحرائی علاقے سے اُڑان بھرے گا اور زمین کی سطح سے 100 کلو میٹر بلند پرواز کرے گا جس میں مسافر کشش ثقل نہ ہونے کے تجربے کے علاوہ خلا سے زمین کا مشاہدہ کر سکیں گے جب کہ اس پرواز کا دورانیہ 10 منٹ ہو گا۔

لانچنگ کے کچھ دیر بعد خلائی کیپسول، بوسٹر سے الگ ہو جائے گا جب کہ بوسٹر کچھ دیر بعد زمین پر لینڈ کر جائے گا جب کہ پرواز مکمل ہونے کے بعد کیپسول بھی تین پیرا شوٹس کی مدد سے زمین پر اُتر جائے گا۔

اس سے قبل نیو شیپرڈ بغیر کریو کے ایک درجن سے زائد کامیاب ٹیسٹ فلائٹس کر چکا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اب وہ خلانوردوں کو خلا تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔

کمپنی کے مطابق اس خلائی جہاز میں چھ نشستیں ہیں جب کہ اس میں جدید کیمرے نصب ہیں جو دورانِ پرواز اندر اور باہر کے تمام مناظر محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس ای کامرس کے کاروبار کے علاوہ خلائی شعبے سمیت دیگر منصوبوں میں توجہ دینے کے لیے اگلے ماہ ایمیزون کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ تاہم وہ چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔

اسپیس ٹیکنالوجی میں جیف بیزوس کی دلچسپی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نجی شعبہ خلائی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ اس حوالے سے کاروباری شخصیت ایلن مسک کی اسپیس ایکس اور ورجن گلیکٹک نامی کمپنیاں بھی میدان میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG