رسائی کے لنکس

آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں بھی نمبر ون بلے باز بن گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جہاں پاکستان کی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے وہیں پاکستان کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے۔ گرین شرٹس کی قیادت کرنے والے بابر اعظم ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی میں بلے بازوں اور بولرز کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ کے کھلاڑی ڈیوڈ ملان کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 834 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ڈیوڈ ملان 798 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا کے ایرن فنچ 733 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا چوتھا اور بھارت کے کپتان وراٹ کوہلی کا پانچواں نمبر ہے۔

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چار میں سے تین میچز میں نصف سینچریاں اسکور کی ہیں۔

انہوں نے بھارت کے خلاف 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی جب کہ افغانستان کے خلاف 51 اور نمیبیا کے خلاف 70 رنز اسکور کیے تھے۔

دوسری جانب بالرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے لیگ اسپنر وینندو ہسارنگا اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بالر بن گئے ہیں۔

ہسارنگا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک بھی کی تھی۔ البتہ سری لنکا کی ٹیم یہ میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

ہسارنگا اس وقت 776 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، تبریز شمسی 770 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ کے عادل رشید 730 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جب کہ افغانستان کے راشد خان 723 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی بالرز رینکنگ میں ابتدائی چار پوزیشن پر اسپنرز کا راج ہے۔

XS
SM
MD
LG