ٹی وی اینکرز کے ساتھ وزیرِ اعظم کی آف دی ریکارڈ ملاقات ہوئی ہے: شہباز گل
عمران خان عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گے: فرخ حبیب
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے بقول عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کریں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان سے زیادہ کوئی مقابلہ کرنا نہیں جانتا۔ عوام چاہتے ہیں کہ ضمیر فروشوں کا راستہ روکا جائے اسی لیے قوم آج وزیرِ اعظم کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے خلاف عدم اعتماد لانے والے تمام لوگ چور ہیں جب کہ عمران خان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں۔ اپوزیشن دعویٰ کرتی ہے کہ ان کے پاس اسمبلی میں نمبرز پورے ہیں لیکن پھر بھی گھبراہٹ کا شکار نظر آرہے ہیں۔
وزیرِ مملکت کے بقول، اسپیکر اسد قیصر نے آج کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ہے کیوں کہ جب بھی کوئی رکن فوت ہوتا ہے تو فاتحہ خوانی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس مؤخر کر دیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی کئی بار ایسا ہوچکا ہے۔
قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی
عدم اعتماد ہمارا جمہوری ہتھیار بننے والا ہے: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت عدم اعتماد کی تحریک سے بھاگنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے لیکن تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اور وہ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے عدم اعتماد کے لیے تین سال مل کر جدوجہد کی اور عدم اعتماد ہمارا جمہوری ہتھیار بننے والا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں اور ان کی حکومت عنقریب سابق ہونے والی ہے۔ عدم اعتماد کے ہتھیار سے حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔