- By علی فرقان
متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی سربراہان کا اجلاس کچھ دیر بعد
متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی سربراہان کا اجلاس اب سے کچھ دیر بعد قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا جس میں انتخابی اصلاحات پر غور کیا جائے گا۔
حزب اختلاف میں شامل جماعتیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنا چاہتی ہیں۔
حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ نئی حکومت جلد از جلد انتخابی اصلاحات مکمل کرنے کے بعد اسمبلیوں کو تحلیل کر کے عام انتخابات کرائے گی۔
اس اجلاس کے بعد متحدہ حزبِ اختلاف کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں ایوان میں ہونے والی کارروائی پر حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔
حزب اختلاف کو خدشہ ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری میں تاخیر کرسکتے ہیں۔
ملک کی سیاست اپنا رخ تبدیل کر رہی ہے: وفاقی وزیرِ داخلہ
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاست اپنا رخ تبدیل کر رہی ہے اور آئندہ 48 گھنٹے بہت اہم ہیں۔
پاکستان کے نشریاتی ادارے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جمعے اور ہفتے کا دن بہت اہم ہے، ملک کی سیاست پلٹ سکتی ہے، کوئی بات اب تک فائنل نہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ساڑھے تین سالہ کارکردگی پر دستاویزی فلم جاری
اپوزیشن جو بھی چالیں چل لے، شکست ان کا مقدر ہے: سینیٹر فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پتا نہیں کہ ان کے سامنے ایک روایتی سیاست دان نہیں بلکہ ایک لیڈر عمران خان ہے۔
ایک ٹوئٹ میں فیصل جاوید نے کہا کہ ایک روایتی سیاست دان صرف آنے والے الیکشنز کا سوچتا ہے مگر ایک لیڈر آنے والی نسلوں کے لیے کام کرتا ہے۔ ان کے بقول اپوزیشن والے جو بھی چالیں چل لیں۔ شکست ان کا مقدر ہے۔