حکومت کے خلاف مبینہ سازش کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد
سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کے خلاف مبینہ سازش کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
درخواست گزار نعیم الحسن ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف عالمی سازش کے تحت عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی ہے۔ جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جا رہا ہے، لہذٰا عدالت کمیشن کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روک دے۔
البتہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار کے مطابق درخواست گزار نے عوامی مفاد کی نشان دہی نہیں کی۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ درخواست آرٹیکل 184 کی شق تین کے طے کردہ اصولوں پر پوری نہیں اترتی۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار نے متعلقہ فورم پر رابطہ کرنے کے بجائے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
- By ضیاء الرحمن
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے جہاں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
ہفتے کو اسمبلی کا اجلاس چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں ہوا۔ جہاں مرحوم رکن اسمبلی رانا اعجاز کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
بعد ازاں چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کی مزید کارروائی سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے سپرد کردی۔ اسپیکر نے کہا کہ نئے قائد ایوان کے لیے شام چھ بجے تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے حمزہ شہباز کو نامزد کیا ہے۔
جہانگیر ترین گروپ کا پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف منحرف اراکین پر مشتمل جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
لاہور میں حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حمزہ شہباز اس صوبے کی خدمت کریں گے اور صوبے سے کرپشن کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین گزشتہ ڈیڑھ برس سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے تھے۔ جہانگیرترین کے پی ٹی آئی پر بے شمار احسانات ہیں۔ ان کی وفاداری پر نہ صرف حملہ کیا گیا بلکہ ان کے بقول ایک ''جھوٹا مقدمہ'' کیا گیا۔
وزیر قانون کی مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی ہدایت
وفاقی وزیرِاطلاعات و قانون فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کمیشن مبینہ عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔
اس کے علاوہ کمیشن مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔