رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کووڈ19 کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، عالمی ادارہ صحت


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کووڈ 19کے 4.1 ملین سے زیادہ کیس رپورٹ ہونے کے ساتھ کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں 18 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کی صحت کی ایجنسی نے وبائی مرض سے متعلق اپنی تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں اس وائرس سے اموات کی تعداد ایک ہفتہ پہلے جیسی ہی رہی، تین خطوں مشرق وسطیٰ، جنوب مشرقی ایشیا اور امریکہ میں کووڈ19 سے اموات بڑھ کر تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار ہو گئیں۔

بدھ کو دیر گئے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق، نئے کووڈ19 کیسز میں سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ مشرق وسطیٰ میں دیکھا گیا، جہاں یہ 47 فیصد ہوگئے ۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ یورپ اور جنوب مشرقی ایشیا میں انفیکشن میں تقریباً 32 فیصد اور امریکہ میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ہوا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریئسس نے کہا کہ 110 ممالک میں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جن میں زیادہ تر اومیکرون کی مختلف قسموں BA.4 اور BA.5 کی وجہ سے بڑھ گئے۔

ٹیڈروس نے اس ہفتے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ یہ وبائی بیماری تبدیل ہو رہی ہے ، لیکن ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ کہ اسکی نگرانی اور جینیاتی تبدیلی کو ڈھونڈنے کی کوششوں میں تھوڑی سستی برتی گئی ، اسلئے کووڈ 19کے جینیاتی ارتقاء کا سراغ لگانے کی صلاحیت خطرے میں ہے۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اس سے ابھرتی ہوئی اور ممکنہ طور پر خطرناک نئی اقسام کو پکڑنا مزید مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نےملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت کے کارکنان اور 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد سمیت ان افراد کو حفاظتی ٹیکے لگائیں جنکا اس وبا کی گرفت میں آنے کا زیادہ امکان ہے۔ انکا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد کو ویکسین نہیں دی گئی اور وہ اب بھی یہ بیماری اور موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

ٹیڈروس نے کہا کہ عالمی سطح پر 1.2 بلین سے زیادہ افراد کو ویکسینز دی گئیں تاہم غریب ممالک میں اس کی شرح اوسطاً 13 فیصد رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر امیر ممالک 6 ماہ سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکے لگا رہے ہیں اور مذید ویکسینیشن کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تو یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ غریب ممالک کو ایسےافراد کو ویکسین نہیں لگوانی چاہیے،جنہیں کووڈ19 لاحق ہونے کے سب سے زیادہ خطرے ہے۔

آکسفیم اور پیپلز ویکسین الائنس کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 بڑی معیشتوں کے گروپ(جی 7) کی طرف سے غریب ممالک کو 2.1 بلین ویکسین فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن اب تک ان میں سے نصف سے بھی کم بھیجی گئی ہیں۔

اس مہینے کے شروع میں امریکہ نے نوزائیدہ اور پری اسکول کے بچوں کے لیے کووڈ19 ویکسین کی اجازت دی، قومی حفاظتی ٹیکہ جات کے اس نئے منصوبہ کے تحت 18 ملین کم عمر بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

امریکی منتظمین نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ کچھ بالغوں کو موسم خزاں میں تازہ ترین بوسٹر دیئے جائیں ، جوکرونا وائرس کی نئی اقسام کا مقابلہ کر سکیں۔

(اس خبر کا مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG