رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن جمع کرا دی ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے بدھ کی شب ایک اعلامیہ جاری کرکے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو کرانے کا شیڈول منسوخ کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی صورتِ حال اور انتظامی امور کو الیکشن ملتوی کرنے کی وجہ بتایا تھا۔

کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرکے نئے تاریخ آٹھ اکتوبر مقرر کی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آئین پر سنگین حملہ قرار دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ اگر آج اس فیصلے کو قبول کرلیا جاتا ہے تو پاکستان میں قانون کی حکمرانی کا خون ہوجائے گا۔

الیکشن کے معاملے پر ہی جمعے کو صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھی ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ بروقت انتخابات کے لیے وہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

صدر علوی نے وزیرِاعظم سے کہا تھا کہ توہین عدالت سمیت دیگر مشکلات سے بچنے کے لیے وزیرِاعظم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں متعلقہ حکام سے کہیں کہ وہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

صدر نے اپنے خط میں مزید کہا کہ آئینِ پاکستان پابند کرتا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔

XS
SM
MD
LG