رسائی کے لنکس

امریکہ میں فائرنگ کے واقعات: اختتامِ ہفتہ 6 افراد ہلاک متعدد زخمی


امریکہ میں بندوقوں سے تشدد کے خلاف احتجاج کا ایک منظر۔۔فائل فوٹو
امریکہ میں بندوقوں سے تشدد کے خلاف احتجاج کا ایک منظر۔۔فائل فوٹو

اس اختتام ہفتہ امریکہ کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بڑے پیمانے پر فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔ جن میں آئیڈاہو کے ایک چھوٹے سے قصبے میں مارے جانے والے چار افراد کے علاوہ جن کی لاشیں ملیں، ریاست پنسلوانیا کے ریاستی پولیس کے ایک اہلکار یا اسٹیٹ ٹروپر بھی شامل تھے جنہیں گھات لگاکر نشانہ بنایا گیا۔

ریاست الی نوئے میں کئی لوگوں نے چھٹی مناتے ہوئے ایک ہجوم پر گولیاں چلائیں۔ حکام کے مطابق شکاگو کے مضافات میں لوگ Juneteenth کا تہوار منانے کے لئے ایک پارکنگ لاٹ میں جمع ہوئے تھے جہاں کم از کم تئیس افراد پر گولیاں چلائی گئیں جن میں سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اورمزوری میں ایک پارٹی میں شریک نوجوانوں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔

پچھلے کئی برسوں میں قتل کی وارداتوں اور تشدد میں اضافے کے بعد، جس میں کرونا کی وباء کے دوران تیزی آئی ،فائرنگ کے یہ واقعات شہروں اور دیہی علاقوں میں یکساں طورپر پیش آئے۔

اس اختتام ہفتہ، ریاست واشنگٹن، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، جنوبی کیلی فورنیا اور بالٹی مور میں بھی بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات ہوئے۔

کارنیگی میلن یونیورسٹی میں پبلک پالیسی اور شماریات کے پروفیسر ڈینیل ناگین کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ تشدد میں اضافہ تو ہوا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ ان میں سے بعض معاملات بس ایسے تنازعات تھے جیسے اکثر نوجوانوں کے درمیان ہوتے رہتے ہیں اور جن تنازعات میں ہاتھا پائی کے بجائے آتشیں اسلحہ سے کام لیا گیا۔

ناگین مزید کہتے ہیں کہ محققین تشدد میں اضافے کی وجہ پر متفق نہیں ہیں۔ اور اس بارے میں جو مختلف نظریات ہیں ، ان میں یہ امکان بھی شامل ہے کہ تشدد کا سبب ، امریکہ میں بندوقوں کا پھیلاؤ ہے یا اس کا سبب پولیس کی کم جارحانہ حکمت عملی ہو سکتی ہے یا پھر ہتھیاروں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزیوں پر عدالتی چارہ جوئی میں کمی بھی اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

جن علاقوں میں تشدد کے واقعات ہوئے وہاں پولیس اور مقامی حکام تحقیقات کر رہے ہیں اور تشدد کے ذمہ داروں کو ان کے انجام تک پہنچانے کے لئے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

اس رپورٹ کے لئے مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG