رسائی کے لنکس

ایرانی نژاد امریکی باپ، بیٹے کی گرفتاری کا معاملہ پیش نظر ہے: کیری


فائل فوٹو سیامک نمازی
فائل فوٹو سیامک نمازی

افی نمازی نے فیس بک پر کہا کہ "میرا بیٹا اور شوہر دونوں بے گناہ ہیں اور وہ اب بغیر کسی وجہ کہ جیل میں قید ہیں"۔

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیر ی نے کہا ہے کہ وہ ان اطلاعات سے آگاہ ہیں کہ ایران نے اس ایک امریکی شہری کے والد کو حراست میں لیا ہے جسے گزشتہ سال ایرانی حکام نے گرفتار کیا تھا۔

باقر نمازی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ تہران میں حکام نے ان کے 80سالہ شوہر کو پیر کو گرفتار کیا اور شاید اسے اوین کی جیل میں بند کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پر اپنے ایک بیان میں افی نمازی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کی گرفتاری کے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ دل کی تکلیف اور دیگر عوارض میں متبلا ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ایرانی حکام نے ان کے بیٹے سیامک نمازی کو ایسے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا جن کی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں اشخاص دوہری شہریت کے حامل ہیں۔

افی نمازی نے فیس بک پر کہا کہ "میرا بیٹا اور شوہر دونوں بے گناہ ہیں اور وہ اب بغیر کسی وجہ کے جیل میں قید ہیں"۔

بدھ کو سینیٹ میں ایک سماعت کے دوران جان کیری سے باقر نمازی کے متعلق استفسار کیا گیا تھا۔

کیری نے کہا کہ "میں اس معاملے سے اچھی طرح آگاہ ہوں اور یہ (معاملہ) خاص طور پر میرے پیش نظر ہے۔۔میں نجی معلومات کی رازداری کے پیش نظر (اس کی) تفصیل نہیں بتا سکتا"۔

وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں کہا کہ بیرون ملک امریکی شہریوں کی حفاظت سے بڑھ کر ان کے ادارے کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔

رواں سال جنوری میں ایران نے قیدیوں کے تبادلے کے تحت پانچ امریکی شہریوں کو رہا کیا تھا اور یہ معاملہ ایران جوہری معاہدے پر عمل درآمد سے فوری پہلے طے پایا تھا۔

XS
SM
MD
LG