رسائی کے لنکس

جھگڑا کرنے والے چینی انجینئروں کو ملک بدر کر دیا گیا


جھگڑا کرنے والا ایک چینی انجنئیر پولیس کی گاڑی پر چڑھا ہوا ہے۔
جھگڑا کرنے والا ایک چینی انجنئیر پولیس کی گاڑی پر چڑھا ہوا ہے۔

چینی انجینئرز نے سیکیورٹی افسران پر تشدد کیا تھا اور جوتوں سمیت پاکستانی پرچم والی پولیس گاڑی پر چڑھ گئےتھے۔

پنجاب میں چینی انجنئیرز کا خود کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے سیکیورٹی افسران پر تشدد کے معاملہ پر تحقیقات کے بعد 5 چینی انجنیئرز کو ملک بدر کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کیا جنہیں کمشنر ملتان کی طرف سے اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ بھجوائی گئی تھی۔

سیکیورٹی افسران کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے نورپور سائیٹ پر کام کرنے والے چینی انجنیئرز سیکیورٹی کے بغیر کیمپ سے باہر جانا چاہتے تھے جس پر انہوں نے سیکورٹی عملہ سے تلخ کلامی کی جو ہاتھا پائی پر جاپہنچی، انجینئرز نے سیکیورٹی افسران پر تشدد کیا اور جوتوں سمیت پاکستانی پرچم والی گاڑی پر چڑھ گئےتھے۔

چینی انجئنیرز نے مبینہ طور پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بجلی کاٹ دی تھی جس پر صبح کے اوقات میں کام پر جانے کے دوران پولیس اہلکار تاخیر سے آئے جس پر کنٹری پروجیکٹ مینجر اشتعال میں آگیا اور سیکیورٹی اہلکاروں سے پہلے زبانی بدتمیزی کی اور اس کے بعد پولیس اہلکاروں کو مارنا شروع کردیا۔

کمشنر ملتان کی انکوائری رپورٹ کے بعد وزارتِ داخلہ نے انجنیئرز کو ملک بدر کا حکم جاری کیا اور انہیں گاڑیوں کے ذریعے لاہور لایا گیا اور خصوصی طیارے کے ذریعے ملک بدر کردیا گیا۔

ملک بدر کئے جانے والوں میں کنٹری پروجیکٹ منیجر ولبنگ، ایڈمن آفیسر تی آن ویجون، میٹریل انجینیئر ہوئی لیو، فنانس آفیسر وانگ بیفن اور فیلڈ انجنیئر سٹرتان ینگ شامل ہیں۔

اس واقعہ کے بعد تشدد کیے جانے اور چینی انجنئیر کی گاڑی پر چڑھنے کی تصاویر اور فوٹیج سوشل میڈیا پر گشت کررہی تھی جس میں چینی انجنئیرز کو تشدد کرتے دیکھا جاسکتا تھا، اس پر پاکستانی شہریوں کی طرف سے چینی انجنئیرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ پاکستانی پرچم کی توہین کرنے والے چینی شہریوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

XS
SM
MD
LG