رسائی کے لنکس

عامر خان دنیا کے 100 با اثر افراد میں شامل


اس فہرست میں تین مزید بھارتی بھی شامل ہیں لیکن فلمی دنیا سے جن لوگوں کو با اثر کہا گیا ہے ان میں عامر خان سرفہرست ہیں جبکہ دوسرا نام موسیقار اے آر رحمن کا ہے۔

عامرخان بالی ووڈ کے ایسے فنکار ہیں جو اکثر کسی نہ کسی حوالے سے خبروں میں ضرور رہتے ہیں۔ آج بھی ان کے حوالے سے دو خبریں بہت گرم ہیں۔ ایک تو یہ کہ عامر خان کو امریکی میگزین” ٹائم “ نے دنیا کے سو با اثر افراد کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جبکہ دوسری یہ کہ انہوں نے اپنا گھر چھوڑ دیا ہے ۔۔۔

یوں تو ٹائم میگزین کی جانب سے شائع کردہ اس فہرست میں بھارت سے تین مزید افراد جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ لیکن فلمی دنیا سے جن لوگوں کو بااثر کہا گیا ہے ان میں عامر خان سرفہرست ہیں جبکہ دوسرا نام موسیقار اے آر رحمن کا ہے۔

بھارت سے ہٹ کر بات کریں تو صدر اوباما اور سوات میں شدت پسندوں کا نشانہ بننے والے ملالہ یوسف زئی کے نام بھی اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ ملالہ کے علاوہ کوئی اور پاکستانی شخصیت اس فہرست کا حصہ نہیں بن سکی۔

عامر خان نے گھر چھوڑ دیا ۔۔۔
بالی وڈ کے ورسٹائل میگا اسٹار عامر خان اپنی سپر ہٹ فلموں اور سماجی کاموں کی وجہ سے تو مشہور ہیں ہی، لیکن ان کی شہرت کی ایک قدرے مختلف اور منفرد وجہ یہ بھی ہے کہ گلیمر ورلڈ پر راج کرنے کے باوجود وہ اپنی پرانی چیزوں سے پیار کرتے ہیں اور ان سے وابستہ رہنا پسند کرتے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا‘ کا کہنا ہے کہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع عامر خان کا فلیٹ ان کی زندگی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ وہ اپارٹمنٹ کمپلیکس ہے جہاں عامر چالیس سال سے رہ رہے ہیں اور ان کے بچپن سے لے کر جوانی تک کی بے شمار حسین یادیں اسی گھر سے وابستہ ہیں۔

بہت سے لوگ عامر کو گھر بدل کر کسی شاندار ولا میں منتقل ہونے کا مشورہ دیتے آئے ہیں اور عامر ان مشوروں کو ہنس کر ٹالتے بھی چلے آرہے تھے لیکن اب انہوں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ارے بھئی چونکیئے نہیں ۔۔۔ بات کچھ یوں ہے کہ عامر اپنے گھر کو نئے سرے سے سجانا اور سنوارنا چاہتے ہیں اور اسی لئے وہ عارضی طور پر اپنا فلیٹ چھوڑ کر قریبی بنگلے میں شفٹ ہو گئے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے جب عامر نے عارضی طور پر ہی سہی اپنی رہائش تبدیل کی ہے لیکن وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ ان کا وہی پرانا فلیٹ نئی سج دھج کے ساتھ ان کا استقبال کرے گا۔ عامر کی اپنے گھر سے محبت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی والدہ کو پُونا سے بلا کر اپنے اپارٹمنٹ کے ٹاپ فلور پر شفٹ کیا۔

جب جب کسی نے عامر سے یہ سوال کیا کہ وہ پرانے فلیٹ کو چھوڑ کر سمندر کنارے کسی بنگلے میں شفٹ کیوں نہیں ہوجاتے تو عامر کا جواب یہی ہوتا ہے کہ انہیں بڑے گھر کی ایسی کوئی خواہش نہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے فلیٹ کو چھوڑ کر کہیں اور شفٹ ہونے کا سوچیں۔
XS
SM
MD
LG