رسائی کے لنکس

سابق کرکٹر عبد القادر انتقال کر گئے


عبد القادر خان — فائل فوٹو
عبد القادر خان — فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر 63 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

اطلاعات کے مطابق عبد القادر کو دِل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ان کی موت ہو گئی۔

لاہور میں 1955 میں پیدا ہونے والے عبدالقادر نے کیرئیر کا آغاز 14دسمبر 1977 کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا تھا جب کہ اپنا آخری ٹیسٹ 6 دسمبر 1999 میں کھیلا تھا۔

عبدالقادر نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ 11 جون 1983 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جب کہ آخری ایک روزہ میچ سری لنکا کے خلاف دو نومبر 1993 میں کھیلا تھا۔

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچ اور 104 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے۔

ٹیسٹ میچز میں اُنہوں نے 236 جب کہ ایک روزہ مقابلوں میں 132 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

عبدالقادر کا باؤلنگ اسٹائل اور ایک ورائٹی 'گُگلی' دنیا بھر میں مشہور تھی۔

عبدالقادر کی گُگلی کو اُن کے ہم عصر بلے باز بہت مشکل سے کھیل پاتے تھے۔ان کی گُگلی کھیلتے ہوئے اکثر بلے باز اپنی وکٹ گنوا بیٹھتے تھے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن عبدالقادر سے بہت متاثر تھے اور وہ کرکٹ کی دنیا میں اُنہیں اپنا آئیڈیل سمجھتے تھے۔

عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی خدمات انجام دیں جبکہ انہیں وزیر اعظم عمران خان کے کرکٹ کے قریبی دوستوں میں شمار کیا جاتا تھا۔

موجودہ ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل عبد القادر کے داماد ہیں۔ وہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں 'عبدالقادر کرکٹ اکیڈمی' بھی چلاتے تھے۔ جہاں وہ نوجوان کرکٹ کے کھلاڑیوں کی تربیت کیا کرتے تھے۔

عبدالقادر کی وفات پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی، سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عبدالقادر نے اپنا آخری انٹرویو 'وائس آف امریکہ' کو دیا تھا۔ جس میں انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو کرکٹ کی بہتری اور کھلاڑیوں کی تربیت کے بارے میں مفید مشورے دیے تھے۔

XS
SM
MD
LG