رسائی کے لنکس

ایشوریا رائے سے متعلق متنازع ریمارکس، تنقید کے بعد عبدالرزاق کی معذرت


پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناکام مہم کے بعد بھارت سے واپسی کے ساتھ ہی اس پر تنقید شروع ہو گئی ہے۔ لیکن ایسی ہی ایک تنقید سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کو مہنگی پڑ گئی جس میں انہوں نے بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق متنازع ریمارکس دیے۔

کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والی ایک تقریب میں عبدالرزاق سمیت ان کھلاڑیوں نے شرکت کی جنہوں نے 2009 میں پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنایا تھا۔

مہمانوں میں شاہد آفریدی، کامران اکمل، عمر گل اور شعیب ملک سمیت کئی کرکٹرز شامل تھے۔ البتہ ایونٹ کے بعد صرف عبدالرزاق سب کو یاد رہ گئے۔

اس تقریب میں جب سابق آل راؤنڈر سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر پوچھا گیا تو انہوں نے موجودہ کھلاڑیوں کی نیت پر سوال اٹھا دیا۔

بقول عبدالرزاق، 2009 میں ٹیم اس لیے ایونٹ جیتی تھی کیوں کہ کھلاڑیوں کو کپتان کی نیت صاف ہونے پر بھروسہ تھا۔ ان کے خیال میں موجودہ بورڈ کی پالیسی ہی نہیں کہ وہ کھلاڑیوں کو بنائیں، انہیں سکھائیں۔

اس موقع پر انہوں نے بھارتی سپر اسٹار ایشوریا رائے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر ہماری سوچ یہ ہے کہ ایشوریا رائے سے شادی کر کے اُن سے نیک پرہیزگار بچے کی توقع کریں تو یہ کبھی نہیں ہو سکتا۔"

عبدالرزاق نے تنقید کے بعد ایک ویڈیو بیان میں معذرت کر لی، لیکن اس سے پہلے سابق کرکٹرز اور سوشل میڈیا صارفین نے عبدالرزاق کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ عبدالرزاق کو اس قسم کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کو اس قسم کا مذاق یا موازنہ نہیں کرنا چاہیے تھا، کسی بھی عورت کو اس طرح بے عزت نہیں کیا جا سکتا۔

جس وقت عبدالرزاق نے یہ کمنٹ دیا تھا، اس وقت اسٹیج پر ان کے ساتھ سابق کپتان شاہد آفریدی بھی موجود تھے جو اس کمنٹ پر اپنی ہنسی نہیں چھپا سکے تھے۔

شعیب اختر کے خیال میں اسٹیج پر بیٹھے افراد کو اس بیان کی مذمت کرنی چاہیے تھی۔

ایونٹ کے ایک دن بعد جب ایک ٹی وی شو پر شاہد آفریدی سے اس حوالے سےسوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ رزاق کی بات ان کی سمجھ میں نہیں آئی تھی، انہیں بعد میں اندازہ ہوا کہ وہ غلط بات پر ہنس گئے۔

شاہد آفریدی کا مؤقف تھا کہ انہیں کلپ دیکھنے کے بعد بہت عجیب لگا اور وہ رزاق سے کہیں گے کہ وہ اس بیان پر معافی مانگیں۔

اسی شو پر موجود سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے بھی اپنے سابق ساتھی کی بات پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ سب کی عزتیں سانجھی ہیں اور اس قسم کی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے تھی۔

سابق کپتان محمد یوسف نے بھی ایکس پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے عبدالرزاق کے بیان کو شرمناک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کو فوری معافی مانگنی چاہیے۔

عبدالرزاق کے بیان پر پاکستان اور بھارتی میڈیا نے ان پر اور ان کے ساتھ ہنسنے والوں پر تنقید کی۔

ایک خاتون صارف کے خیال میں عبدالرزاق پر عوامی سطح پر بیان دینے کی پابندی ہونی چاہیے، ایشوریا رائے یا کسی بھی خاتون کو ان کی تائید کی ضرورت نہیں۔

صحافی فریحہ سلطان نے عبدالرزاق کے کمنٹ پر ساتھ بیٹھے کرکٹرز کے ردِعمل کو افسوس ناک قرار دیا۔

ایک بھارتی صارف نے عبدالرزاق کے اس کمنٹ کو انتہائی نا مناسب اور شرمناک قرار دیا۔

ایسے میں عبدالرزاق کے کچھ پرانے بیانات کو بھی شئیر کیا گیا، ایک میں وہ اسٹیج کی مشہور ڈانسر دیدار سے اپنی دوستی کا ذکر کر رہے تھے۔

اپنے ویڈیو بیان میں عبدالرزاق نے کہا کہ وہ کوئی اور مثال دینا چاہتے تھے، لیکن اُن کی زبان پھسل گئی اور ایشوریا رائے کا نام منہ سے نکل گیا جس پر وہ معذرت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق کرکٹر عبدالرزاق کا شمار پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا تھا۔ وہ پاکستان کے لیے 265 ایک روزہ میچز، 46 ٹیسٹ اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

وہ 1999، 2003، 2007 اور 2011 ورلڈ کپ اسکواڈز کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 2009، 2010 اور 2012 ایڈیشنز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG