رسائی کے لنکس

عبداللہ عبداللہ کی بیرون ملک روانگی ایک مثبت علامت ہے، تھامس ویسٹ


امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ (فائل: اے ایف پی)
امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ (فائل: اے ایف پی)

امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ نےافغانستان میں قومی مصالحتی کونسل کے سابق چیئرمین عبداللہ عبداللہ کے بیرونی ملک سفر کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

جمعرات کو رات گئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنےبیا ن میں افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ نے افغانستان کی قومی مصالحتی کی اعلیٰ کونسل کے سابق چیئرمین عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا اور کہا کہ انہوں نے بات چیت میں افغانستان میں قومی سطح پر سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور اس بات چیت کی حمایت کے لیے بین الاقوامی برادری کے عزم کے بارے میں بات کی۔

مسٹر ویسٹ نے کہا، کہ"مجھے آج صبح عبداللہ سے بات کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ یہ اچھی علامت ہے کہ وہ چھٹیو ں میں خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کے قابل تھے۔ قومی سطح پر سیاسی بات چیت کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا اوراس حوالے سے عالمی سطح پر اس عمل کی حمایت کے بارے میں بات ہوئی۔ ہمیشہ کی طرح ان کے مشورے کی قدر کر تے ہیں۔‘‘

قومی مصالحتی کونسل کے سابق سربراہ عبداللہ عبداللہ عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ عید منانے کے لیے بیرون ملک چلے گئے تھے ۔

عبداللہ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس ملک گئے ہیں لیکن ان کے خاندان کے افراد پہلےہی بھارت میں مقیم ہیں۔

عبداللہ نے بیرون ملک سفر کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید گزارنے کے لیے چند دنوں کے لیے افغانستان سے روانہ ہوگئے ہیں۔

افغانستان کی مصالحتی کونسل کے سابق سربراہ عبداللہ عبداللہ (فائل فوٹو)
افغانستان کی مصالحتی کونسل کے سابق سربراہ عبداللہ عبداللہ (فائل فوٹو)

اگرچہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان حکومت کی جانب سے ان کے افغانستان سے بیرون ملک سفر پر پابندی کے بارے میں میڈیا سے بات نہیں کی ہے، تاہم سابق صدر حامد کرزئی نے رواں سال 3 مارچ کو العالم عربی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اور عبداللہ عبداللہ کو بیرون ملک سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کرزئی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ کابل کے گرد گھومنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

العالم عربی ٹی وی ایرانی حکومت کے مالی تعاون سے عرب ممالک میں نشریات پیش کرتا ہے۔

عبداللہ عبداللہ کے بیرون ملک سفر سے چند ہفتے قبل افغانستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے سابق اسپیکر فضل اللہ ہادی مسلم یار نے بھی گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

مسلم یار دبئی میں چند ہفتوں کے قیام کے بعد کابل واپس آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG