رسائی کے لنکس

بھارت اور جاپان کے درمیان 15 معاہدوں پر دستخط


مودی اور آبے نے جمعرات کے روز سابرمتی گراونڈ پر برق رفتار بولیٹ ٹرین سے متعلق منعقدہ ایک پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد ہائی اسپیڈ ریل انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جہاں جاپانی ماہرین بھارتی انجینئروں کو ٹریننگ دیں گے

بھارت اور جاپان نے جمعرات کے روز سرمایہ کاری کے فروغ، شہری ہوابازی اور سائنس و تکنالوجی سمیت متعدد کلیدی شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کی غرض سے 15 معاہدوں پر دستخط کیے۔ یہ معاہدے بھارت کے دورے پر آئے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مابین گجرات کے شہر احمد آباد میں ہونے والے بارہویں سالانہ سربراہ اجلاس کے بعد ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون سے متعلق تمام امور کا جائزہ بھی لیا۔

مذاکرات کے بعد نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور جاپان کے تعلقات باہمی یا علاقائی دائروں تک محدود نہیں ہیں، بلکہ دونوں کے مابین عالمی معاملات میں بھی قریبی تعاون ہے۔

اس موقع پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا اور پاکستان سے سرگرم لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف جنگ میں باہمی اشتراک و تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

انھوں نے عالمی برادری سے دہشت گردی، اس کی محفوظ پناہ گاہوں، نیٹ ورکنگ اور فنڈنگ اور دہشت گردوں کی کراس بارڈر آمد و رفت کو ختم کرنے کے سلسلے میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔ دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان سے کہا کہ وہ ممبئی اور پٹھان کوٹ سمیت دیگر حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

یاد رہے کہ ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف پاکستان کی عدالت میں کارروائی چل رہی ہے اور پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے تک لائے گا اور قانون کے مطابق ان کو سزا دی جائے گی۔ جبکہ پٹھان کوٹ حملے کے سلسلے میں اس نے بھارت سے ثبوت مانگے ہیں۔ اس کی سکیورٹی ایجنسیوں سے پٹھان کوٹ کا دورہ بھی کیا ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ اس نے ثبوت فراہم کر دیے ہیں۔

شینزو آبے بدھ کے روز اپنی اہلیہ کے ساتھ احمدآباد پہنچے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے پروٹوکول توڑ کر ایئرپورٹ پہنچ کر ان کا استقبال کیا تھا۔ اس کے بعد تینوں نے تقریباً آٹھ کلومیٹر تک روڈ شو کیا۔ بھارت میں کسی غیر ملکی وزیر اعظم کا یہ پہلا روڈ شو تھا۔

مودی اور آبے نے جمعرات کے روز سابرمتی گراونڈ پر برق رفتار بولیٹ ٹرین سے متعلق منعقدہ ایک پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد ہائی اسپیڈ ریل انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جہاں جاپانی ماہرین بھارتی انجینئروں کو ٹریننگ دیں گے۔

نریندر مودی کے مطابق بولیٹ ٹرین بھارت کو جاپان کا اب تک کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔ انھوں نے اس موقع کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ تیز رفتار ریل راہداری بھارت کو نئی شکل و صورت عطا کرے گی۔ پہلی بولیٹ ٹرین ممبئی اور احمدآباد کے مابین چلے گی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG