رسائی کے لنکس

ابرار الحق نے ’پانی دا بلبلہ‘ سے بھری محفلیں لوٹ لیں


ابرار الحق کافی عرصے بعد ایک مرتبہ پھر اپنے نئے گانے ’پانی دا بلبلہ‘ سے موسیقی کی محفلیں لوٹنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ خود ابرار کہتے ہیں، ’یہ فلمی گیتوں کے نئے جنم کا اہم سنگ میل ہے‘

پاکستان کے بھنگڑا کنگ ابرارالحق کا شمار ان خوش قسمت گلوکاروں میں ہوتا ہے جِن کا پہلا گانا ہی چارٹ بسٹر ثابت ہوا اور وہ حقیقی معنوں میں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پرمیگااسٹار بن کر چمکنے لگے۔ 1995ءمیں ابرار کے ڈیبو البم کا گانا ’کنے کنے جانا بلودے گھر‘ ایسا ہٹ ہو ا کہ جہاں کہیں بجتا، پنجابی زبان نہ جاننے والے بھی اسے کنگنانے اور بھنگڑا ڈالنے پر مجبور ہوجاتے۔

’بلودے گھر‘ کے بعد تو گویا ابرار کے ہٹ نمبرز کی لائن لگ گئی۔ انہوں نے پنجابی، اردو اور انگلش مکس کرکے جو گانے تخلیق کئے وہ میوزک لورز میں بہت پسند کئے گئے۔

تاہم، اسی دوران وہ کچھ عرصے کے لئے سماجی اور سیاسی مصروفیات کی وجہ سے میوزک سے دور ہوگئے۔ لیکن، اب ایک بار پھر ان کی واپسی ہوئی ہے دھوم دھام سے فلم ’زندہ بھاگ‘ کے گانے ’پانی دا بلبلا‘ سے۔

یہ گانا دراصل سنہ ستر کے مشہور لوک فنکار یعقوب عاطف بلبلہ کے گانے ’پانی دا بلبلا‘ کا ہی ری مکس ہے۔ ابرار کہتے ہیں، ’میرا بچپن یہی گانا سنتے ہوئے گزرا‘

اس ری مکس کی کامیابی پر ابرار الحق نے ایک انٹرویو کے دوران کہا، ’اس گانے نے ان کی توقعات سے بھی بڑھ کر کامیابی حاصل کی ہے۔ جس طرح فلم بینوں نے اسے پسند کیا، میں سمجھتا ہوں یہ فلمی گیتوں کے نئے جنم کا اہم سنگ میل ہے، فلمی موسیقی کی بحالی میں یہ گیت اہم رول ادا کرے گا۔‘

ابرارالحق کا دوسرا روپ
ابرار الحق کے دراصل دو روپ ہیں۔ ایک روپ میں وہ سنگر ہیں تو دوسرے میں سماجی کارکن۔ جب وہ میوزک میں بزی نہیں ہوتے تو سماجی کاموں میں مصروف ہوتے ہیں۔ ’سہارا ویلفیئر ٹرسٹ‘ کے نام سے ان کی ایک فلاحی تنظیم قائم ہے جس کے ذریعے وہ ان دنوں ایک عمارت تعمیر کرارہے ہیں۔

تعمیراتی کام میں مصروفیت کے علاوہ انہوں نے سیاسی کاموں میں بھی مصروفیت کا کافی لمبا عرصہ گزارا۔ اس دوران انہوں نے مئی کے عام انتخابات میں بھی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا جس کے سبب موسیقی سے ان کے فاصلے بڑھ گئے۔ لیکن، اب ایک بار پھر، وہ موسیقی کی دنیا میں پلٹ آئے ہیں اور فلم ’زندہ بھاگ‘ کے گانے ’پانی دا بلبلہ‘ سے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں کو سر کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG