رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط


محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان پوری طرح سے چھایا ہوا نظر آتا ہے اور اس کی جیت نیوزی لینڈ کی صرف دو وکٹوں کی دوری پر ہے۔

بدھ کو میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 175 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرتے ہوئے حریف کو فتح کے لیے 479 رنز کا ایک مشکل ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اپنی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی باؤلروں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی اور اس کے بلے باز ایک ایک کر کے پویلین لوٹتے رہے۔

کپتان میک کلم 39 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے۔

چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے اور اسے یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 306 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ، راحت علی اور ذوالفقار بابر نے دو، دو جب کہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستان کے ابتدائی بلے باز محمد حفیظ نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 101 رنز بنائے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی چھٹی سینچری تھی۔ وہ پہلی اننگز میں صرف چار رنز کی کمی سے اپنی سینچری مکمل نہیں کر سکے تھے۔

اس میچ میں شروع ہی سے پاکستان کا پلڑا بھاری رہا۔ اس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز بنا کر اننگز ختم کر دی تھی۔

اس میں احمد شہزاد نے شاندار 176 رنز بنائے جبکہ کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے سینچریاں اسکور کی تھیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG