رسائی کے لنکس

سکول وین اور ریل گاڑی کےتصادم میں12بچے ہلاک


سکول وین اور ریل گاڑی کےتصادم میں12بچے ہلاک
سکول وین اور ریل گاڑی کےتصادم میں12بچے ہلاک

میاں چنوں میں بدھ کی صبح ایک سکول وین اورمسافر ٹرین کے درمیان ہونے والے تصادم میں کم ازکم 13 افراد ہلاک اور17 زخمی ہوگئے۔

مرنے والوں میں 12 کم عمر طالب علم اور وین کا ڈرایئور شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے بھی سب کے سب وین میں سوار سکول کے بچے ہیں جن میں تین کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

مقامی حکام نے اس افسوس ناک حادثے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کم عمر بچوں سے بھری سکول کی وین ریلوے پھاٹک کواس وقت عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی جب وہاں سے ایک مسافر ٹرین بھی گزر رہی تھی۔

لیکن انھوں نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث وین کا ڈرایئورقریب آتی ٹرین کو نہ دیکھ سکا اورجوں ہی اس نے ریلوے پٹری کراس کرنے کی کوشش کی ریل گاڑی نے سکول وین کو زور دار ٹکر مار دی۔

مرنے اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں آٹھ اور دس سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ریلوے اور مقامی انتظامیہ کے خلاف مظاہرے شروع کر دیے اور ریلوے ٹریک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں جس کی وجہ سے ملتان اور لاہور کے درمیان ریل گاڑیو ں کی آمد و رفت کافی دیر تک معطل رہی۔

شہری انتظامیہ کے عہدے داروں نے حادثے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک مصروف ریلوے کراسنگ ہونے کے باوجود جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہاں ریلوے حکام نےحفاظتی پھاٹک نہیں لگایا ہے جو اس حادثے کی بڑی وجہ ہے۔ لیکن جب ریلوے حکام سے رابطہ کر کے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ دریافت کی گئی تو انھوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری شہری انتظامیہ کی ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG