رسائی کے لنکس

آئرلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرفراز احمد نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 124 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔ یہ اس کرکٹ ورلڈ کپ میں کسی بھی پاکستانی کی پہلی سینچری تھی۔

پاکستان آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

اتوار کو ایڈیلیڈ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 237 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 120 رنز کی شراکت قائم کی۔

احمد شہزاد 63 رنز بنا کر جب کیچ آؤٹ ہوئے تو آنے والے تیسرے بلے باز حارث سہیل بھی صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مصباح الحق نے سرفراز احمد کے ساتھ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 39 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور تین چوکے بھی شامل تھے۔ وہ ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔

بعد میں عمر اکمل نے سرفراز احمد کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو اپنی فتح سے ہمکنار کیا۔

سرفراز احمد نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 124 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔ یہ اس کرکٹ ورلڈ کپ میں کسی بھی پاکستانی کی پہلی سینچری تھی۔

عمر اکمل نے سینتالیسویں اوورز کی پہلی گیند پر جب جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا، فاتحانہ چوکا لگایا۔ انھوں نے 20 رنز بنائے۔

اس سے قبل آئرلینڈ کی طرف سے کپتان پورٹرفیلڈ نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کے ساتھ 107 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس میچ میں بھی گو کہ پاکستانی باؤلروں نے قدرے بہتر کارکردگی دکھائی لیکن فیلڈنگ کے شعبے میں ایک بار پھر ناقص کارکردگی دیکھنے میں آئی پاکستانی کھلاڑی حریف بلے بازوں کے متعدد کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین، راحت علی اور سہیل خان نے دو، دو جب کہ احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں محمد عرفان کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے احسان عادل اور یونس خان کی جگہ حارث سہیل کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

پول بی سے دفاعی چیمپیئن بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز پہلے ہی کوارٹر فائنلز میں پہنچ چکے ہیں۔

پاکستان کا کوارٹر فائنلز میں مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔

XS
SM
MD
LG