رسائی کے لنکس

ایڈمرل عباسی نے پاکستانی بحریہ کی قیادت سنبھال لی


ایڈمرل ظفر محمود عباسی (فائل فوٹو)
ایڈمرل ظفر محمود عباسی (فائل فوٹو)

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ہفتہ کو پاکستان کی بحریہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

انھوں نے ایڈمرل محمد ذکا اللہ کی جگہ یہ منصب سنبھالا جو اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہو گئے ہیں۔

کمان کی تبدیلی کی ایک مختصر تقریب پاکستانی بحریہ کے صدر دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں سکبدوش ہونے والے ایڈمرل ذکا اللہ نے کمان ایڈمرل عباسی کے سپرد کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے روایتی حریف کے بڑھتے ہوئے ہتھیاروں کے ذخیرے سے لا تعلق نہیں رہ سکتا۔

انھوں نے بحری فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جدید آلات حرب سے لیس ایسی فورس ہے جو کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے قابل ہے۔

ایڈمرل ذکا اللہ نے بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

رواں ماہ کے اوائل میں صدر مملکت ممنون حسین نے وائس ایڈمرل کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے کر بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

ایڈمرل عباسی نے 1981ء میں پاکستان نیول اکیڈمی سے گریجوایشن کرے کے باضابطہ طور پر بحری فورسز میں بطور افسر اپنے فرائض انجام دینا شروع کیے تھے۔

وہ متعدد پیشہ وارانہ بین الاقوامی اداروں سے مستفید ہو چکے ہیں۔ ان کی غیر معمولی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں حکومت ہلال امتیاز (ملٹری) سے بھی نواز چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG