رسائی کے لنکس

والد سے محبت ہے لیکن پاکستان میرا گھر ہے: اذان سمیع


اذان سمیع کے بقول ان کے والد استاد سے بڑھ کر ہیں اور وہ ان سے صلاح مشورے لیتے رہتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
اذان سمیع کے بقول ان کے والد استاد سے بڑھ کر ہیں اور وہ ان سے صلاح مشورے لیتے رہتے ہیں۔ (فائل فوٹو)

برطانوی نژاد پاکستانی گلوکار اور بھارت کی شہریت اختیار کرنے والے عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے والد سے محبت ہے لیکن پاکستان ان کا گھر ہے۔

بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں اذان شاہ نے پہلی مرتبہ اپنے والد سے متعلق خیالات کا اظہار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی کیوں کہ عدنان میرے والد ہیں اور میں اُن کا احترام کرتا ہوں۔

اذان سمیع پاکستان میں مقیم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی مرضی سے پاکستان کا انتخاب کیا ہے اور وہ یہیں رہ کر کام کریں گے۔

جب اُن کے والد سے ان کے تعلقات کے بارے میں مزید پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ "میرے والد میرے استاد سے بڑھ کر ہیں میں بہت مرتبہ ان سے اپنے کام کے بارے میں صلاح مشورہ لیتا رہا ہوں۔ ہمارے درمیان بھروسے اور اعتماد کا رشتہ قائم ہے۔"

اذان سمیع پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور حال ہی میں ان کی ایک فلم 'سپر اسٹار' ریلیز ہوچکی ہے۔ میوزک کمپوزر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اسکرین رائٹر بھی ہیں۔

عدنان سمیع خان نے حالیہ برسوں میں بھارتی شہریت اختیار کی ہے جبکہ موسیقار کی حیثیت سے انہوں نے پاکستان میں 90 کی دہائی میں فلم 'سنگم' بنائی تھی۔ جس میں سرمایہ کاری کے علاوہ انہوں نے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی بھی خدمات انجام دیں۔

پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار اذان کی والدہ ہیں جو خود بھی پاکستانی ڈراموں اور بھارتی فلم 'حنا' میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

عدنان سمیع بھارتی شہریت اختیار کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ ان کی ٹوئٹس اور عوامی رد عمل تنازعات کا باعث بنتے رہے ہیں۔ ان دنوں بھی صورت حال کچھ اسی طرح کی ہے۔ ان کے اور پاکستانی ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG