رسائی کے لنکس

کاش 'میرے پاس تم ہو' کی کہانی کچھ مختلف ہوتی: عدنان صدیقی


اداکار عدنان صدیقی (فائل فوٹو)
اداکار عدنان صدیقی (فائل فوٹو)

میرے پاس تم ہو بلا شبہ پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار ڈرامے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ جہاں ایک طرف اس نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑے وہیں اس ڈرامے کو اس کی کہانی اور بعض ڈائیلاگز کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔

آخری قسط نشر ہونے کے باوجود اس ڈرامے پر کئی حلقوں میں اب بھی بحث جاری ہے۔ اسی بحث کا حصہ بنتے ہوئے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکار عدنان صدیقی نے بعض ڈائیلاگز پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

عدنان صدیقی نے ڈرامے میں شہوار نامی شخص کا کردار نبھایا تھا جس کے لیے 'مہوش' اپنے شوہر 'دانش' سے طلاق لے کر 'شہوار' کے ساتھ رہنے چلی جاتی ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کہا کہ مجھے ادراک ہے کہ بعض ڈائیلاگز پریشانی کی وجہ بنے ہوں گے اور بعض اوقات اس سے بھی بڑھ کر ان ڈائیلاگز کے ذریعے خواتین کا ایک مخصوص رخ پیش کیا گیا۔ میری یہ حسرت رہی کہ کاش ڈرامے کی کہانی اس سے مختلف ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پروڈکشن کمپنی میں خواتین لکھاریوں کو موقع دیں گے کہ وہ اچھا مواد تخلیق کر سکیں۔

عدنان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ایک فن کار کے لیے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا کہ اس کے کام کو سراہا جائے۔ وہ لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ان کی محبتوں اور وفاؤں کے لیے کہ وہ ہر ہفتے اپنی نگاہیں ٹی وی اسکرین سے نہ ہٹا پائے۔

XS
SM
MD
LG